دہلی آبکاری پالیسی گھوٹالہ: اب وزیر اعلیٰ کیجریوال کو سمن، سی بی آئی نے پوچھ تاچھ کے لیے 16 اپریل کو بلایا

سی بی آئی نے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو سمن جاری کر 16 اپریل کو صبح 11 بجے پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا ہے، اس معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا پہلے سے ہی جیل میں ہیں۔

اروند کیجریوال، تصویر عآپ
اروند کیجریوال، تصویر عآپ
user

قومی آوازبیورو

دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں ہوئے مبینہ گھوٹالے کی جانچ کا اثر اب دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر بھی دکھائی دے رہا ہے۔ دراصل سی بی آئی نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کو پوچھ تاچھ کے لیے بلایا ہے۔ سی بی آئی نے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو سمن جاری کر 16 اپریل کو صبح 11 بجے پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہونے کو کہا ہے۔ اس معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا پہلے سے ہی جیل میں ہیں۔

سی بی آئی کے ذریعہ کیجریوال کو سمن جاری کیے جانے کے بعد دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’دہلی کانگریس شروع سے ہی کہہ رہی تھی کہ آبکاری گھوٹالے کے ماسٹر مائنڈ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ہیں اور وہ دن 16 تاریخ ہے جب سی بی آئی کیجریوال سے شراب پالیسی نافذ کرنے میں کی گئی بے ضابطگتیوں اور گھوٹالے پر سوال جواب کرے گی۔ ان کے پرسنل اسسٹنٹ نے سی بی آئی کے ذریعہ پوچھ تاچھ کیے جانے پر کیجریوال کا سیدھا نام لیا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں منیش سسودیا کے ساتھ ان کے گھر پر ڈیلنگ ہوئی تھی۔ کیا کیجریوال کے پاس اس کا جواب ہے۔‘‘


اپنے بیان میں چودھری انل نے یہ بھی کہا کہ دہلی کانگریس نئی آبکاری پالیسی کے خلاف مہم چلا کر شراب گھوٹالے کو ظاہر کر کے عوام کے سامنے لائی اور لیفٹیننٹ گورنر کے سامنے سارا معاملہ درج کرایا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب وزیر اعلیٰ کیجریوال بھی اپنے ساتھی منیش سسودیا اور ستیندر جین کے ساتھ آبکاری گھوٹالے کے قصوروار کی شکل میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔