دہلی: بی جے پی کے خلاف سڑکوں پر اترے گی کانگریس، پوچھے گی بنیادی سوالات

دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے بتایا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں ساتوں پارلیمانی حلقوں میں ’جواب دو حساب دو‘ پروگرام کے تحت ’پرتیگیہ ریلی‘ نکالی جائیں گی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس لیڈران کی پریس کانفرنس</p></div>

دہلی کانگریس لیڈران کی پریس کانفرنس

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی نے آج اپنے دفتر راجیو بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بی جے پی حکومت کی عوام مخالف پالیسی اور ناکامیوں کے خلاف سڑکوں پر اترنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس بابت دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’جواب دو، حساب دو‘ مہم کے تحت دہلی کے ساتوں پارلیمانی حلقوں میں بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ اور منتخب نمائندوں سے جواب طلب کیا جائے گا۔ تاہم ان سے یہ بھی پوچھا جائے گا کہ اب تک آپ نے کتنا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں کانگریس پارٹی تمام ساتوں پارلیمانی حلقوں میں ’پرتیگیہ ریلی‘ کا انعقاد کرے گی، جس کا آغاز 15 اکتوبر کو شمال مغربی پارلیمانی حلقہ کے بوانا سے پہلی نوراتری سے ہوگا۔ جس میں دہلی انچارج دیپک بابریا ریلی سے خطاب کریں گے۔

بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی میں دونوں حکومتوں کے درمیان لڑائی کی وجہ سے دہلی کی ہمہ جہت ترقی رک گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے ساتوں ممبران پارلیمنٹ نے نہ تو دہلی کے لوگوں کے لیے کوئی کام کیا اور نہ ہی ان سے براہ راست بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی بات کرنے والے بی جے پی کے ساتوں ممبران پارلیمنٹ نے اپنے ایم پی فنڈ کی تفصیلات بھی علاقے کے لوگوں کو نہیں دی ہیں۔ عوام اپنے حلقہ کے اراکین پارلیمنٹ کی تلاش میں ہیں۔

دہلی: بی جے پی کے خلاف سڑکوں پر اترے گی کانگریس، پوچھے گی بنیادی سوالات

لولی نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت اکثر اپنے اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کا ٹکٹ یہ کہہ کر کاٹ دیتی ہے کہ انہوں نے علاقے میں کام نہیں کیا، لیکن اب دہلی کانگریس ساتوں اراکین پارلیمنٹ سے جواب طلب کرے گی اور ایک ایک کام کا حساب مانگے گی۔ دہلی کانگریس عوام کو بی جے پی کی ’ٹکٹ کاٹو اور عوام کو بے وقوف بناؤ‘ کی پالیسی کا شکار نہیں ہونے دے گی۔ لولی نے یہ بھی کہا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں کانگریس پارٹی نہ صرف سات پارلیمانی حلقوں کے اراکین پارلیمنٹ سے حساب مانگے گی بلکہ وہاں کے ایم ایل اے اور کونسلروں سے بھی سوال پوچھے گی۔

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے لولی نے کہا کہ دہلی کانگریس نہ صرف اس مہم کو جاری رکھے گی بلکہ دوسرے مرحلے میں کانگریس پارٹی اس مہم کو بڑے پیمانے پر تمام اضلاع میں اور تیسرے مرحلے میں دہلی کے سبھی 70 اسمبلی حلقوں میں چلائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرتیگیہ ریلیوں میں جہاں ایک طرف کانگریس پارٹی مرکز کی بی جے پی حکومت کی ناکامیوں پر جواب مانگے گی وہیں دوسری طرف پارٹی اس پارلیمانی حلقہ کے مقامی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کرے گی۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اب سڑکوں پر اتریں اور بی جے پی کے خلاف آواز بلند کریں۔


کانگریس لیڈر مکیش شرما نے پرتیگیہ ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ شمال مغربی علاقوں سمیت پوری دہلی میں سڑکوں پر جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا اور علاقے کی سماجی اور مذہبی تنظیموں کے علاوہ خواتین کی تنظیمیں، اقلیتی برادری کے لوگوں اور کچی آبادیوں میں رہنے والے سبھی لوگ اس مہم میں شامل ہوں گے۔

پریس کانفرنس میں دہلی حکومت کے سابق وزیر ہارون یوسف، راج کمار چوہان، رماکانت گوسوامی، مگنترام سنگھل، ڈاکٹر نریندر ناتھ، پرفیسر کرن والیہ، مکیش شرما اور جتیندر کمار کوچر وغیرہ موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔