'سکھدیو' اور 'گرم دھرم' ڈھابے پر کورونا کا قہر، 75 ملازمین کی رپورٹ پازیٹو

'امریک سکھدیو' ڈھابہ کے کم از کم 65 ملازمین اور بالی ووڈ اداکار دھرمیندر کے مالکانہ حق والے 'گرم دھرم' ڈھابہ میں 10 ملازمین کووڈ-19 ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے ہیں۔ دونوں ڈھابوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

دہلی سے ملحق دو مشہور ڈھابوں میں کئی ملازمین کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں جس کے بعد دونوں ہی ڈھابوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ یہ ڈھابے دہلی-چنڈی گڑھ ہائیوے پر واقع ہیں اور اپنے کھانے کے لیے کافی مقبول بھی ہیں۔ افسران نے جمعہ کے روز ان دونوں ڈھانوں کو سیل کیے جانے کی اطلاع دی۔

ڈپٹی کمشنر شیام لال پونیا نے اس تعلق سے بتایا کہ "امریک سکھدیو ڈھابہ کے کم از کم 65 ملازمین اور بالی ووڈ اداکار دھرمیندر کے مالکانہ حق والے 'گرم دھرم' ڈھابہ کے 10 ملازمین کووڈ-19 کی جانچ میں پازیٹو پائے گئے ہیں۔" یہ دونوں مشہور ڈھابے مرتھل میں واقع ہیں جو دہلی سے تقریباً 50 کلو میٹر کی دوری پر ہریانہ کے سونی پت ضلع میں موجود ہیں۔ یہ دونوں ہی ڈھابے کافی مقبول ہیں جس کی وجہ سے یہاں دور دور سے آنے والے لوگوں کی بھیڑ ہمیشہ جمع رہتی ہے۔ طبی اہلکاروں نے سکھدیو ڈھابہ میں کام کرنے والے 300 ملازمین کے نمونے جمع کیے تھے جن میں سے تقریباً 65 کی رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔ پونیا کا کہنا ہے کہ ہائیوے پر واقع ان ڈھابوں میں ایک خصوصی مہم کے تحت کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا۔


غور طلب ہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک بار پھر 80 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ 24 گھنٹے میں 83341 لوگوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے اور اس درمیان 1096 لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے۔

ہندوستان میں اس وقت کورونا انفیکشن کی تعداد بڑھ کر 39 لاکھ کے پار پہنچ گئی ہے۔ ابھی تقریباً 8 لاکھ معاملے سرگرم ہیں جب کہ تقریباً 30 لاکھ 37 ہزار لوگ صحت یاب ہو کر اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں 68472 افراد اس انفیکشن کی زد میں آ کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Sep 2020, 3:11 PM