آر ایس ایس کے بدعنوان لیڈروں کا علاج کانگریس ہی کرے گی: ڈوٹاسرا

کانگریس نے آج راجستھان کی راجدھانی جے پور میں پارٹی کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا کی سربراہی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تعلق سے مرکزی حکومت کے خلاف پیدل مارچ نکالا۔

گووند سنگھ ڈوٹاسرا، تصویر آئی اے این ایس
گووند سنگھ ڈوٹاسرا، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کہا ہے کہ ریاست میں کوئی بدعنوان بچ نہیں پائے گا اور کانگریس حکومت ہی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ نمبا رام کا بھی علاج کرے گی۔ ڈوٹاسرا نے آج مہنگائی کے سلسلے میں ریاستی کانگریس کے پیدل مارچ کے بعد میڈیا کو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ’’توگڑیا اور آسارام ​​کا علاج کانگریس سرکار نے کیا، اب نمبا رام کا علاج بھی کانگریس ہی کرے گی۔ ریاست میں کوئی بدعنوان نہیں بچ پائے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کے کرپٹ لیڈروں کا ہماری سرکار ہی علاج کرے گی۔

اس درمیان ڈوٹاسرا نے مرکزی حکومت پر مہنگائی روکنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ریاستی کانگریس اس بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، کسانوں کی نظراندازی سمیت بہت ساری عوام دشمن پالیسیوں کے سلسلے میں ریاست کے گاؤں گاؤں میں جائے گی اور پھر مرکزی حکومت کو مہنگائی کم کرنے کے لئے مجبور کیا جائے گا۔‘‘


واضح رہے کہ کانگریس نے آج راجستھان کی راجدھانی جے پور میں پارٹی کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا کی سربراہی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تعلق سے مرکزی حکومت کے خلاف پیدل مارچ نکالا۔ پٹرول ڈیزل اور رسوئی گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پرمرکزی حکومت کی توجہ مبذول کروانے کے لئے مہنگائی کے خلاف ریاستی کانگریس کی جانب سے ریاست میں شروع کی گئی مہم کے آخری دن ریاستی کانگریس کے دفتر سے شہید میموریل تک پیدل مارچ نکالا گیا۔ اس پیدل مارچ میں وزیر توانائی بی ڈی کلا، وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سنگھ، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر سبھاش گرگ، گورنمنٹ چیف وہپ مہیش جوشی اور بہت سے دوسرے کانگریس لیڈروں اور عہدیداروں و کارکنوں نے شرکت کی۔ پیدل مارچ کے شہید میموریل تک پہنچنے پر کانگریس لیڈروں نے ایک جلسہ منعقد کیا۔ اس پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے ڈوٹاسرا نے مرکز کی مودی حکومت پر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ملک میں مہنگائی اوربے روزگاری بڑھ رہی ہے اور کسانوں کو بھی نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔