یوپی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کسی بھی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی: سلمان خورشید

سلمان خورشید نے کانگریس کے انتخابی منشور کے بارے میں بتایا کہ اس بار الیکشن نوٹیفکیشن سے قبل ہی پارٹی کا انتخابی منشور جاری کر دیا جائے گا۔

سلمان خورشید، تصویر آئی اے این ایس
سلمان خورشید، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سہارنپور: سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے اتوار کو کہا کہ اترپردیش کے آنے والے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی تنہا ہی قسمت آزمائے گی اور کسی دیگر پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ کانگریس کے سابق ریاستی صدر نے یہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ پارٹی اس بار الیکشن میں کسی بھی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ انہوں نے انتخابات کے پیش نظر مختلف پارٹیوں کے درمیان ہو رہے اتحاد سے جڑے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'پارٹی تنہا ہی انتخاب لڑے گی'۔

انہوں نے کانگریس کے انتخابی منشور کے بارے میں بتایا کہ اس بار الیکشن نوٹیفکیشن سے قبل ہی پارٹی کا انتخابی منشور جاری کر دیا جائے گا۔ ساتھ ہی خواتین کی شراکت بڑھانے کے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے کانگریس الیکشن میں 40 فیصدی سے زیادہ خواتین کو ٹکٹ دے گی۔


قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں کانگریس جنرل سکریٹری اور ریاستی کانگریس انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں تقریباً آدھی سیٹوں پر خواتین کو ٹکٹ دینے کا عدہ کیا تھا۔ سلمان خورشید نے کہا کہ 'اس بار پارٹی اپنا انتخابی منشور جلد ہی جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کے وقت زیادہ تر لیڈر اور کارکن انتخابی کاموں میں مشغول ہوجاتے ہیں۔ اس لئے منشور پہلے ہی جاری کر دیا جائے گا۔

سلمان خورشید نے کہا کہ کانگریس اپنے انتخابی منشور میں گیہوں اور دھان کے لئے 2500 روپئے اور گنے کے لئے 400 روپئے کم از کم سہارا قیمت دینے کے وعدے کو شامل کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔