کانپور: 40 کروڑ روپے سے تیار فلائی اوور تباہ، جانچ میں چوہوں کو ٹھہرایا گیا ذمہ دار

یہ فلائی اوور کانپور کے کھپرا موہال کا ہے جس کی خرابی کے بعد برج کارپوریشن نے چوہوں اور لاک ڈاؤن کو اس کے لیے ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے، اب یہ پل کھوکھلا ہو چکا ہے اور چوہوں نے اسے اپنا مسکن بنا لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ترقی کو رفتار دینے کے لیے ہندوستان میں جگہ جگہ پختہ سڑکوں اور فلائی اوورس کی تعمیر ہو رہی ہے۔ ان سڑکوں اور فلائی اوورس کو بہتر بنائے رکھنے کے لیے دیکھ بھال کی ضرورت پڑتی ہے۔ لیکن کچھ ریاستوں میں کروڑوں روپے خرچ کر بنائی گئی سڑکوں اور فلائی اوورس کو یوں ہی برباد ہونے دیا جا رہا ہے۔ تازہ معاملہ اتر پردیش کے کانپور کا ہے جہاں تقریباً 40 کروڑ روپے سے تیار ایک فلائی اوور کی حالت خستہ ہو چکی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جانچ میں فلائی اوور کی خستہ حالی کا ذمہ دار لاک ڈاؤن اور چوہوں کو بتایا گیا ہے۔

یہ فلائی اوور کانپور کے کھپرا موہال میں واقع ہے جس کی خرابی کے بعد برج کارپوریشن نے چوہوں اور لاک ڈاؤن کو اس کے لیے ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔ اب یہ پل کھوکھلا ہو چکا ہے اور چوہوں نے ریمپ میں سوراخ کر دیا ہے۔ بارش کے دوران یہ پل تین بار دھنس چکا ہے۔ دراصل ریمپ میں سوراخ کر کے چوہوں نے اپنا بسیرا بنا لیا ہے۔ اس پر طنز کستے ہوئے سابق آئی اے ایس سوریہ پرتاپ سنگھ نے کہا کہ یہ چوہے حکومت کے ہیں یا تنظیم کے؟


اس فلائی اوور کی خستہ حالی کا ہنگامہ تب شروع ہوا جب یہ بار بار دھنسنے لگا۔ اس کے بعد تکنیکی ٹیم جانچ کرنے پہنچی تو پتہ چلا کہ یہاں چوہے کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ بغل میں ہی ریلوے گودام ہے جہاں سے چوہے آ رہے تھے۔ ریمپ میں سوراخ کر کے چوہوں نے راستہ اور اپنا گھر بنا لیا تھا۔ اگست میں ہوئی زبردست بارش سے یہ فلائی اوور دھنسنے لگا۔ جانچ کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ ریمپ میں بالو کی جگہ رابش کا استعمال کیا گیا تھا۔ اب برج کارپوریشن اور کینٹ بورڈ کے درمیان اس معاملے کو لے کر رنجش ہو گئی ہے۔ برج کارپوریشن کا کہنا ہے کہ پل کے انتظام و انصرام کا کام کینٹ بورڈ کو کرنا چاہیے کیونکہ وہ لائٹ کے انتظام کا کام بھی دیکھ رہا ہے۔ دوسری طرف کینٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پل کی تعمیر برج کارپوریشن نے کروائی ہے تو اس کا انتظام بھی اسے ہی دیکھنا چاہیے۔

بہر حال، اس وقت پل کی حالت اس قدر خراب ہے کہ ذرا سی بارش ہونے پر بھی پانی نیچے ٹپکنے لگتا ہے۔ پل کا سلیب پوری طرح سے خراب ہو چکا ہے۔ اب اس فلائی اوور پر سے لوگوں کا آنا جانا بند کر دیا گیا ہے۔ یہ پل اب خطرناک ہو گیا ہے۔ حالت یہ ہو گئی ہے کہ ہلکی پھلکی مرمت سے اسے چلنے لائق نہیں بنایا جا سکتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔