ٹی-20 عالمی کپ: ہند-پاک مہا مقابلہ سے قبل ’زومیٹو‘ اور ’کریم پاکستان‘ آمنے سامنے

’زومیٹو‘ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس کے بعد پاکستانی کمپنی ’کریم پاکستان‘ کا جوابی حملہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ان دونوں کمپنیوں کے ٹوئٹ کو دیکھتے ہوئے دونوں ممالک کے کرکٹ شیدائی بھی آمنے سامنے ہو گئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

وہ وقت انتہائی قریب آ گیا ہے جس کا دنیا کے سبھی کرکٹ شیدائیوں کو شدت سے انتظار تھا۔ جی ہاں، آج ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹی-20 عالمی کپ 2021 کا سب سے دلچسپ اور جذباتی مقابلہ میچ کھیلا جانے والا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹر ہی نہیں، ان دونوں ممالک کے کرکٹ شیدائی بھی پورے جوش میں ہیں۔ ایک طرف ہندوستان کی خواہش ہے کہ وہ عالمی کپ میچوں میں پاکستان سے شکست نہ کھانے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھے، اور دوسری طرف پاکستان اپنے شرمناک ریکارڈ کو بہتر کرنے کی کوشش کرے گا۔ میچ شروع ہونے سے پہلے سوشل میڈیا پر ہند-پاک کرکٹ شیدائیوں کے ذریعہ طرح طرح کے میمس پوسٹ کیے جانے کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے۔ اس دوڑ میں دونوں ممالک کی کمپنیاں بھی کود پڑی ہیں۔

دراصل ہندوستان کی طرف سے ’زومیٹو‘ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس کے بعد پاکستانی کمپنی ’کریم پاکستان‘ کا جوابی حملہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ان دونوں کمپنیوں کے ٹوئٹ کو دیکھتے ہوئے دونوں ممالک کے کرکٹ شیدائی بھی آمنے سامنے ہو گئے ہیں۔ جہاں تک زومیٹو کا سوال ہے، اس نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’محترم پی سی بی، اگر آپ کو برگر اور پیزے کی ضرورت ہے تو ہم صرف ایک میسیج ہی دور ہیں۔‘‘ اس ٹوئٹ کے جواب میں کریم پاکستان نے لکھا ہے ’’فکر مت کرو، ہم انھیں مفت برگر اور پزے ڈیلیور کر رہے ہیں۔ اور آپ کے لیے بہترین چائے بھی بھیج رہے ہیں۔‘‘


زومیٹو کے ٹوئٹ میں پی سی بی کا مذاق بنایا گیا ہے یہ تو آپ کو پتہ چل ہی گیا ہوگا۔ آپ کو یاد ہوگا جب ہند-پاک کے درمیان پچھلا مقابلہ ہوا تھا اور پاکستان کو شکست فاش ملی تھی، تو ایک پاکستانی کرکٹ شیدائی نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا تھا کہ کھلاڑی رات بھر پیزا-برگر کھاتے رہے۔ اس طنز پر ہی کریم پاکستان کا جواب سامنے آیا۔ لیکن سوشل میڈیا صارفین کو تو پاکستان کا مذاق بنانے کا ایک موقع مل گیا۔ کئی لوگوں نے وہ ویڈیو شیئر کرنا شروع کر دیا جس میں پاکستانی کرکٹ شیدائی کو روتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو کہتا ہے کہ پاکستانی کرکٹروں کو اپنی فٹ نس کا ذرا بھی خیال نہیں رہتا۔

بہر حال، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ آج شام 7.30 بجے ہونا ہے، اور اس سے پہلے سوشل میڈیا پر ماحول پوری طرح تیار نظر آ رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان طویل عرصہ سے کوئی میچ نہیں کھیلا گیا ہے، اس لیے آج کے میچ کو لے کر لوگوں میں بہت جوش ہے۔ ٹی-20 عالمی کپ میں اب تک ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 5 میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سبھی میچ ہندوستان نے ہی جیتے ہیں۔ علاوہ ازیں یک روزہ عالمی کپ میچوں میں بھی پاکستان کو کبھی ہندوستان پر فتح نصیب نہیں ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔