مدھیہ پردیش میں کسانوں کے مسائل پر کانگریس 7 مئی کو ممبئی-آگرہ ہائی وے جام کرے گی: جیتو پٹواری

مدھیہ پردیش کانگریس نے کسانوں کو گیہوں اور دھان کی مناسب قیمت نہ ملنے کے خلاف 7 مئی کو ممبئی-آگرہ قومی شاہراہ پر چکہ جام کا اعلان کیا۔ جیتو پٹواری نے حکومت پر کسان مخالف پالیسی اپنانے کا الزام لگایا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

بھوپال: مدھیہ پردیش میں کسانوں کے مسائل کو لے کر کانگریس نے 7 مئی کو ممبئی-آگرہ قومی شاہراہ پر چکہ جام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جیتو پٹواری نے ریاستی حکومت پر کسانوں کے ساتھ دھوکہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ گیہوں اور دھان کی خرید میں کسانوں کو مناسب قیمت نہیں دی جا رہی اور حکومت اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

جیتو پٹواری نے بھوپال میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کسانوں سے گیہوں 2700 روپے فی کوئنٹل خریدنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب 2625 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے خرید کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے اور اس فرق کی بھرپائی بھی نہیں کی جا رہی۔


انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار ریاست میں تقریباً 245 لاکھ میٹرک ٹن گیہوں کی پیداوار ہوئی ہے لیکن حکومت صرف 100 لاکھ میٹرک ٹن گیہوں خریدنے جا رہی ہے۔ پٹواری نے سوال اٹھایا کہ باقی 145 لاکھ میٹرک ٹن گیہوں کہاں جائے گا اور اس نقصان کی ذمہ داری کون لے گا۔ ان کے مطابق جن کسانوں کا گیہوں نہیں خریدا جائے گا، ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی اور وہ شدید معاشی بحران کا شکار ہوں گے۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ صرف گیہوں ہی نہیں بلکہ دھان کی خریداری میں بھی کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کھاد کی دستیابی کے معاملے میں بھی کسانوں کو پریشان کیا گیا اور زراعت سے متعلق شعبوں میں بدعنوانی کے کئی معاملے سامنے آئے ہیں۔


جیتو پٹواری نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں سے بدلہ لینے جیسا رویہ اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کی آواز بلند کرنے اور حکومت کو بیدار کرنے کے لیے سات مئی کو ممبئی۔آگرہ قومی شاہراہ پر چکہ جام کیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ احتجاج پورے مدھیہ پردیش کے کسانوں کے جذبات کی نمائندگی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو کم سے کم پریشانی ہو، اس لیے صرف ایک ہی قومی شاہراہ کو احتجاج کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ کانگریس اس تحریک کے ذریعے یہ جاننا چاہتی ہے کہ کسانوں سے کیے گئے وعدوں اور مودی گارنٹی کا آخر کیا ہوا۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔