کانگریس لیڈر وجاہت مرزا مہاراشٹر وقف بورڈ کے بلامقابلہ چئیرمن منتخب

محکمہ اقلیتی امور و اوقاف کی ایڈیشنل چیف سکریٹری جے شری مکھرجی نے وجاہت مرزا کو انتخابی سند پیش کی۔ اس موقع پر مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے اراکین کے علاوہ رکن پارلیمان فوزیہ خان بھی موجود تھیں۔

کانگریس لیڈر وجاہت مرزا
کانگریس لیڈر وجاہت مرزا
user

محی الدین التمش

ممبئی: مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے عہدۂ صدارت کے لیے آج کانگریس لیڈر ڈاکٹر وجاہت اطہر مرزا کو بلا مقابلہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ آج ممبئی میں حکومت مہاراشٹر کے سکریٹریٹ منترالیہ میں وقف بورڈ کے چیئرمن کے انتخاب کے لیے ایک میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا۔ مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے انتخابی قوانین برائے 2000 کی دفعات کے تحت حکومت مہاراشٹر میں محکمۂ اقلیتی امور اور اوقاف کی ایڈیشنل چیف سکریٹری جئے شری مکھرجی نے انتخابات کے لیے پیش رفت کیں۔

ذرائع کے مطابق طئے شدہ وقت میں صرف ڈاکٹر وجاہت مرزا کے ہی کاغذاتِ نامزدگی موصول ہوپائے تھے۔ ان کے علاوہ کسی دیگر رکن کے کاغذات موصول نہ ہونے کی صورت میں وجاہت اطہر مرزا بلا مقابلہ مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کے لیے منتخب ہو گئے۔ محکمہ اقلیتی امور و اوقاف کی ایڈیشنل چیف سکریٹری جے شری مکھرجی نے وجاہت مرزا کو انتخابی سند پیش کی۔ اس موقع پر مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے اراکین کے علاوہ رکن پارلیمان فوزیہ خان بھی موجود تھیں۔


مہارشٹر کے کابینی وزیر برائے اقلیتی ترقیات و اوقاف نواب ملک نے وجاہت مرزا سے ملاقات کی اور وقف بورڈ کا چیئرمن منتخب ہونے پر موصوف کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر نواب ملک نے کہا کہ بورڈ میں 10 ارکان کو بطور ممبر مقرر کیا جا چکا ہے اور اسی کے بورڈ کے لیے ایک کل وقتی چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی مقرر کیا جا چکا ہے۔ اب وقف بورڈ کے چیئرمن کا بھی انتخاب عمل میں آ گیا ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ اب اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر سکے گا۔

مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ ریاست مہاراشٹر میں مرکزی حکومت کے ایکٹ، وقف ایکٹ، 1995 کے مطابق قائم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں مہارشٹر میں وقف بورڈ کو لے کر سیاست گرما گئی تھی۔ بی جے پی نے ریاستی وقف بورڈ میں خرد برد کا الزام عائد کیا تھا اور وقف کے معاملات میں ای ڈی نے بھی مہاراشٹر کے مختلف شہروں میں چھاپے مارے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔