اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کانگریس کا ملک گیر ستیہ گرہ 27 جون کو

کانگریس اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمنٹ اور سرکردہ لیڈروں کی قیادت میں پارٹی کارکنان 27 جون کو اپنی اپنی ریاستوں کے سبھی اسمبلی حلقوں میں صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک پرامن ستیہ گرہ پر بیٹھیں گے۔

اگنی پتھ کے خلاف کانگریس کا ستیہ گرہ / ٹوئٹر / آئی این سی
اگنی پتھ کے خلاف کانگریس کا ستیہ گرہ / ٹوئٹر / آئی این سی
user

قومی آوازبیورو

مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک بھر کے نوجوان سڑکوں پر اتر کر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیاں بھی ان کی حمایت کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ اس درمیان کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف 27 جون کو ضلع سطح پر ستیہ گرہ پر بیٹھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کانگریس کی کوشش ہے کہ ایسا کر حکومت پر دباؤ بنایا جائے تاکہ جلد از جلد نوجوانوں اور ملک کے خلاف نظر آنے والی یہ اسکیم واپس ہو۔

کانگریس لیڈروں نے بتایا کہ اگنی پتھ کے خلاف ہماری لڑائی جاری رہے گی اور اسی ضمن میں ہمارے سبھی اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر لیڈروں کی قیادت میں پارٹی کارکنان 27 جون کو اپنی اپنی ریاستوں کے سبھی اسمبلی حلقوں میں صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک پرامن ستیہ گرہ پر بیٹھیں گے۔


قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں ہی نہیں، کسان تنظیمیں بھی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف متحد ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں سنیوکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے بھی اعلان کیا تھا کہ اس میں شامل کسان تنظیمیں 24 جون کو ملک گیر مظاہرہ کریں گی۔ سنیوکت کسان مورچہ نے کہا کہ اگنی پتھ کے خلاف مظاہرہ کر رہے نوجوانوں کا خدشہ جائز ہے اور مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ اگنی پتھ اسکیم نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے بھی نقصاندہ ہے۔ مشہور کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے 20 جون کو کیے گئے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’’24 جون کو اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک بھر میں ضلع-تحصیل ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔