کورونا سے گھبرائیں نہیں، بچاؤ کے طریقے اختیار کریں: اشوک گہلوت

اشوک گہلوت نے کہا کہ راجستھان لوٹنے والوں کو 14 دنوں کے لئے قرنطینہ ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ ریاستی حکومت ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہے اور وہ اس وبا سے مقابلہ کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جے پور: راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ کورونا سے ڈریں نہیں، بچاؤ کے طریقے اختیار کریں اور زیادہ تر مریض مناسب دیکھ بھال سے ٹھیک ہوجاتے ہیں۔ گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا ہے کہ ماسک پہنیں اور سماجی دوری بنائے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہر ڈاکٹروں کی کمیٹی نے صلاح دی ہے کہ کورونا سے ڈریں نہیں اور کسی بھی طرح کی بیماری کی حالت میں مناسب علاج کریں۔بیمار ہونے پر اسپتال جائیں۔


انہوں نے کہا کہ راجستھان لوٹنے والے غیر مقیموں کو 14 دنوں کے لئے قرنطینہ ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ ریاستی حکومت ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہے اور وہ اس وبا سے مقابلہ کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔

اشوک گہلوت نے مہاجر مزدوروں کے تعلق سے بھی ٹوئٹر پر بیان جاری کیا۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا، ’’ریاستی حکومت نے پیدل گھر لوٹ رہے مزدوروں کی تکلیف کو سمجھا اور انہیں ٹرینوں اور بسوں کے ذریعے بھیجنے کے ساتھ ہی ان کے لئے کیمپ اور غذا وغیرہ کا انتظام کیا۔ اس کے سبب اب پیدل جانے والے مزدوروں کی تعداد کافی کم ہو گئی ہے۔‘‘


انہوں نے مزید کہا، ’’ہماری کوشش رہی ہے کہ ٹرینوں کے ساتھ ہی شرمک اسپیشل بسوں کے ذریعے جلد از جلد مزدوروں کو ان کی منزل تک پہنچایا جائے۔ مہاجروں کی آمد کے سبب 11 اضلاع میں انفیکشن کا دائرہ بڑھنے پر ان اضلاع میں افسران کام کر رہے ہیں جو ان اضلاع میں جا کر مہاجروں کی آمد و رفت، انفیکشن کی صورت حال کا جائزہ لیں گے۔ ساتھ ہی وہاں طبی سہولیات، قرنطینہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کریں گے۔‘‘

ادھر ماہر ڈاکٹروں کی کمیٹی نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا سے ڈریں نہیں، احتیاط برتیں اور محفوظ رہیں۔ کورونا سے متعلق اعدادو شمار دیکھ کر گھبرائیں نہیں۔ ایسے مریضوں کی تعداد نا کے برابر ہے جو بیماری کی نازک حالت میں پہنچتے ہیں۔ زیادہ تر مریض مناسب دیکھ بھال اور احتیاط برتنے سے ٹھیک ہو رہے ہیں۔ کورونا انفیکشن سے جن کی موت ہوئی ہے ان میں سے کئی پہلے سے ہی دیگر شدید بیماریوں سے متاثر تھے۔ وقت پر اسپتال نہیں جانا، بزرگی اور کورونا سے ڈر بھی دیگر وجوہات میں شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */