بھارت جوڑو نیائے یاترا: 25 فروری کو آگرہ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے راہل گاندھی اور اکھلیش یادو

یوپی کانگریس صدر اجئے رائے نے کہا کہ ’’ہم آج اکھلیش یادو کو بھارت جوڑو نیائے یاترا میں شامل ہونے کے لیے دعوت نامہ دینے جا رہے ہیں، وہ 25 فروری کو آگرہ میں جڑیں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی و دیگر پارٹی لیڈران</p></div>

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی و دیگر پارٹی لیڈران

user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ فی الحال آرام پر ہے۔ یہ یاترا 24 فروری کو ایک بار پھر شروع ہوگی اور پھر 25 فروری کو اکھلیش یادو بھی اس میں شریک ہوں گے۔ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اتر پردیش میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم ہونے کے بعد دونوں ہی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران اب اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں چل رہی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ میں اکھلیش یادو کی شرکت 25 فروری کو آگرہ میں ہوگی۔ یاترا کے کنوینر پی ایل پونیا اس یاترا میں شرکت کا دعوت نامہ لے کر آج سماجوادی پارٹی دفتر پہنچے اور جیسی خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس دعوت نامہ کو قبول بھی کر لیا گیا ہے۔

اس سے قبل ایک خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے یوپی کانگریس صدر اجئے رائے نے کہا کہ ’’آج (22 فروری) ہم اکھلیش یادو کو بھارت جوڑو نیائے یاترا میں شامل ہونے کے لیے دعوت نامہ دینے جا رہے ہیں۔ وہ 25 فروری کو آگرہ میں جڑیں گے۔ لوک سبھا انتخاب 2024 سے قبل اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں کانگریس و سماجوادی پارٹی کے درمیان اتحاد ہوا ہے۔ اتر پردیش میں کانگریس 17 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی اور مدھیہ پردیش میں سماجوادی پارٹی ایک سیٹ پر امیدوار کھڑا کرے گی۔‘‘


واضح رہے کہ سماجوادی پارٹی چیف اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’ہم نے کئی دور کی بات چیت کی ہے۔ کئی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ جب سیٹوں کی تقسیم ہو جائے گی، تب سماجوادی پارٹی ان کی یاترا میں شامل ہوگی۔‘‘ اب جبکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، تو 25 فروری کو وہ راہل گاندھی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے دکھائی دیں گے۔ 24 فروری کو یہ یاترا مراد آباد سے شروع ہوگی اور اس کے بعد سنبھل، علی گڑھ، ہاتھرس اور آگرہ اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ اکھلیش یادو اس یاترا میں آگرہ میں شامل ہوں گے۔ اتوار کے روز یہ یاترا راجستھان کے دھولپور پہنچے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔