بی جے پی کی بدتر حکمرانی سے آسام شرمسار، پبلک افیئرس انڈیکس میں ملا 14واں مقام
آسام میں کانگریس نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ پبلک افیئرس انڈیکس-2021 (پی اے آئی) کے اعداد و شمار کے مطابق آسام میں بی جے پی کے حکومت سنبھالنے کے بعد یہ ریاست 18 ریاستوں میں 14ویں مقام پر کھسک گیا ہے۔

آسام میں گزشتہ دنوں تشدد کے واقعات سامنے آئے تھے اور اقلیتی طبقہ کی ہراسانی کو لے کر حکومت کے خلاف آوازیں بھی اٹھتی رہی ہیں۔ اس درمیان کانگریس نے جمعہ کو دعویٰ کیا ہے کہ پبلک افیئرس اڈیکس-2021 (پی اے آئی) کے اعداد و شمار کے مطابق آسام میں بی جے پی کے حکومت سنبھالنے کے بعد یہ ریاست 18 ریاستوں میں 14ویں مقام پر کھسک گیا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ یہ ریاست کے لوگوں کے لیے گہری فکر اور شرم کی بات ہے۔
واضح رہے کہ پی اے آئی-2021 ریاستی حکومت کی حکمرانی کے معیار اور خصوصاً کووڈ-19 پر قابو پانے میں ریاستی حکومت کی شراکت داری پر روشنی ڈالتا ہے۔ آسام کانگریس جنرل سکریٹری بوبیتا شرما نے کہا کہ یہ مایوس کن ہے کہ بی جے پی کسی بھی قیمت پر اقتدار ہتھیانے میں مصروف رہتی ہے، جب کہ ریاست کے لوگوں کے لیے اپنا گزارا کرنا مشکل اور بے حد مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وراٹ کوہلی ہندوستانی کرکٹ کے ’برج خلیفہ‘ ہیں: ورون چکرورتی
آسام میں کانگریس کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے، ریاست کے ساتھ ساتھ ملک میں بھی بے روزگاری کی شرح تیزی سے بڑھی ہے۔ الیکشن سے پہلے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے 25 لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو ملازت دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس سمت میں اب کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ بی جے پی حکومت نوجوانوں کو تاریکی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انھوں نے ریاست میں موجود بے روزگاری کے مسئلہ کے لیے بھی حکومت کی سخت نتقید کی۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ جس حکومت نے ترقی اور خودکفیل ہندوستان کا وعدہ کیا تھا، اس نے لوگوں کی ترقی یا فلاح کے لیے کچھ نہیں کیا ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی حکومت جہاں ایک کے بعد ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کا اعلان کرتی ہے، وہیں حقیقت یہ ہے کہ ریاست بھر میں 1382 ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماؤں کی بڑھتی شرح اموات کے ساتھ آسام میں بچوں کی شرح اموات بھی زیادہ ہے، اور اس معاملے میں یہ ریاست تیسرے مقام پر ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ آسام میں ہر 1000 پیدا بچوں میں سے 80 کی موت ہو جاتی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ریاست میں 34 میں سے 16 اضلاع کے اسپتالوں میں آئی سی یو نہیں ہے۔ انھوں نے بی جے پی حکومت سے جھوٹے وعدوں کے ساتھ لوگوں کو گمراہ کرنا بند کرنے اور حکومت کے حقیقی نظامِ کار پر توجہ دینے کے لیے کہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔