سمیر وانکھیڈے کی آرین خان ڈرگس کیس سے ہوئی چھٹی، کیس دہلی این سی بی کے حوالے

سمیر وانکھیڈے کو کیس سے ہٹائے جانے کے بعد این سی پی لیڈر اور مہاراشٹر حکومت میں وزیر نواب ملک نے کہا کہ یہ تو بس شروعات ہے، ابھی تو سسٹم کو صاف کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔

سمیر وانکھیڈے، آرین خان / آئی اے این ایس
سمیر وانکھیڈے، آرین خان / آئی اے این ایس
user

تنویر

اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سے جڑے ڈرگس کیس سے این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کو ہٹا دیا گیا ہے۔ سمیر وانکھیڈے پر لگے الزامات کے درمیان یہ ایک بڑا قدم ہے۔ ڈی ڈی جی متھا اشوک جین کے مطابق آرین خان کیس اور چھ دیگر کیس کو سمیر وانکھیڈے سے لے کر این سی پی کی مرکزی ٹیم کو سونپا گیا ہے۔ ان 6 معاملوں میں نواب ملک کے داماد سمیر خان کے علاوہ ارمان کوہلی، اقبال کاسکر، کشمیر ڈرگس کیس شامل ہیں۔ سمیر وانکھیڈے میں رہ کر دہلی ہیڈکوارٹر کو رپورٹ کریں گے۔ کسی بھی آئندہ کیس پر دہلی ہیڈکوارٹر سے پوچھ کر ہی وہ کام کریں گے۔ ’اے بی پی‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق افسر نے بتایا کہ وانکھیڈے ممبئی این سی بی کے زونل ڈائریکٹر عہدہ پر بنے رہیں گے۔

سمیر وانکھیڈے کو کیس سے ہٹائے جانے کے بعد این سی پی لیڈر اور مہاراشٹر حکومت میں وزیر نواب ملک نے کہا کہ یہ تو بس شروعات ہے، ابھی تو سسٹم کو صاف کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔ 26 معاملوں میں جانچ کی ضرورت ہے۔


قابل ذکر ہے کہ آرین خان، ارباز مرچنٹ اور منمن دھمیچا سمیت دیگر کو ممبئی ساحل کے پاس کروز پوت پر چھاپہ ماری کے بعد این سی بی نے تین اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔ آرین 8 اکتوبر سے آرتھر روڈ جیل میں بند تھے۔ بمبئی ہائی کورٹ نے آرین کو 28 اکتوبر کو ضمانت دی تھی۔ آرین کے خلاف ڈرگس رکھنے، اس کا استعمال کرنے، ممنوعہ نشیلی اشیاء کی خرید اور فروخت سے جڑے دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔