لکھیم پور کھیری تشدد: کسانوں کو روند کر قتل کرنے کے ملزم آشیش مشرا کی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی

لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ میں کلیدی ملزم آشیش مشرا کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، داخل کی گئی عرضی میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے آزاد گھومنے سے ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ کا خدشہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اترپردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں کئی کسانوں کو گاڑی سے روند کر قتل کرنے کے معاملہ میں کلیدی ملزم اور مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت عظمیٰ سے ملزم آشیش مشرا کی ضمانت منسوخ کرنے اور ضمانت دینے کے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر روک لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔ تقریباً 4 ماہ تک جیل میں قید رہنے والے آشیش مشرا کو حال ہی میں ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ میں عرضی وکیل شیو کمار ترپاٹھی اور سی ایس پانڈا کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے آزاد گھومنے سے ثبوتوں مین چھیڑ چھاڑ ہونے کا خدشہ ہے اور گواہان، کسانوں اور متاثرین کے اہل خانہ کو خطرہ ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کا حکم قیاس پر مبنی ہے۔ ایس آئی ٹی کو فوری طور پر سپریم کورٹ میں اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کے لیے کہا جانا چاہیے۔ یوپی حکومت اور مرکز کو ہدایت دی جائے کہ وہ فوری طور پر متاثرین کو معاوضہ فراہم کریں۔


لکھیم پور کھیری تشدد کیس کے کلیدی ملزم مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کا بیٹا درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد جیل سے رہا ہوا ہے۔ کسانوں کو اپنی جیپ سے روندنے کے ملزم آشیش مشرا کو 5 دن پہلے الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ سے ضمانت ملی تھی۔ اس معاملے میں اتر پردیش کی ایس آئی ٹی نے 5000 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی تھی۔

آشیش مشرا کی ضمانت کے حکم میں الہ آباد ہائی کورٹ نے پولس پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں آشیش مشرا کو گولی چلانے والا بتایا گیا ہے لیکن گولی سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ جیپ ڈرائیور کو مظاہرین پر گاڑی چڑھانے کے لئے اکسانے والا قرار دیا گیا جبکہ ڈرائیور اور دیگر کو مظاہرین نے قتل کر دیا۔ آشیش مشرا بھی معاملے کی جانچ میں شامل ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔