اجیت پوار کا جسدِ خاکی کاٹیواڑی میں ان کی رہائش گاہ پہنچا، آخری رسومات کی تیاریاں جاری
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا جسدِ خاکی کاٹیواڑی میں ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا ہے۔ بارامتی میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی، سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی کے سرکردہ رہنما اجیت پوار کا جسدِ خاکی آخری رسومات سے قبل بارامتی کے کاٹیواڑی علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا ہے، جہاں عوام کی بڑی تعداد اپنے قائد کے آخری دیدار کے لیے جمع ہو رہی ہے۔ طیارہ حادثے میں ان کی موت کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور لوگوں کی آنکھوں میں غم نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔
پولیس کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق جسدِ خاکی صبح 9 بجے تک کاٹیواڑی میں رکھا جائے گا، جس کے بعد ایمبولینس کے ذریعے اسے گاڈیما کانفرنس ہال منتقل کیا جائے گا۔ یہاں سے آخری سفر کا آغاز ہوگا جو ودیا پرتشٹھان کے میدان پر اختتام پذیر ہوگی۔ انتظامیہ کے مطابق آخری رسومات صبح 11 سے 11 بج کر 30 منٹ کے درمیان مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : اجیت پوار کا جانشیں کون ہوگا؟
ودیا پرتشٹھان کے میدان میں آخری رسومات کے لیے تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔ رات بھر آٹھ فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے، سجاوٹ کے لیے بڑی مقدار میں پھول منگوائے گئے ہیں اور عوام کی سہولت کے لیے ایل ای ڈی اسکرینیں نصب کی گئی ہیں۔ وی آئی پی آمدورفت اور متوقع ہجوم کے پیش نظر شہر اور آس پاس کے علاقوں میں سخت سکیورٹی انتظامات نافذ کیے گئے ہیں۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایک ناتھ شندے سمیت کئی سینئر سیاسی رہنما آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ مرکزی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی شرکت بھی متوقع ہے۔
اس واقعے کے بعد مہاراشٹر حکومت نے تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران ریاست بھر کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ ادھر طیارہ حادثے کے سلسلے میں پولیس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کر لی ہے جبکہ طیارہ حادثات کی جانچ کرنے والا ادارہ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کر رہا ہے۔ ریاست بھر سے حامی اور پارٹی کارکنان بارامتی پہنچ رہے ہیں اور اپنے قائد کو آخری خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔