آئی پی ایل 2020: کارتک کپتانی سے دستبردار! مورگن کے کے آر کے نئے کپتان

کارتک نے اس سیزن میں بلے بازی کا مظاہرہ اچھا نہیں کیا ہے، وہ فی الحال آئی پی ایل 13 میں 15.42 کی اوسط سے 108 رنز بنا چکے ہیں۔ کارتک کو گوتم گمبھیر کے بعد مارچ 2018 میں کولکتہ کا کپتان بنایا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ابوظہبی: کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان دنیش کارتک نے بیٹ سے اپنی مایوس کن کارکردگی کے پیش نظر ٹیم کی کپتانی ترک کردی ہے تاکہ وہ اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کرسکیں۔ انگلینڈ کے ورلڈ کپ فاتح کپتان ایون مورگن کو کارتک کی جگہ ٹیم کا نیا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

کارتک کے مطابق وہ اپنی بیٹنگ پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں اور ٹیم میں شراکت کرنا چاہتے ہیں لہذا وہ کپتانی کی ذمہ داری چھوڑ رہے ہیں۔ کارتک کی زیرقیادت کولکاتہ نے اس سیزن میں سات میں سے چار میچ جیتے ہیں اور تین میچ ہارے ہیں اور وہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔


کارتک نے اس سیزن میں بلے بازی کا مظاہرہ اچھا نہیں کیا ہے اور وہ فی الحال آئی پی ایل 13 میں 15.42 کی اوسط سے 108 رنز بنا چکے ہیں۔ کارتک کو گوتم گمبھیر کے بعد مارچ 2018 میں کولکتہ کا کپتان بنایا گیا تھا۔ 2018 میں کے کے آر پلے آف میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا لیکن گزشتہ سیزن میں لیگ راؤنڈ میں اس کا اخراج ہوگیا۔ کارتک نے 2018 سیزن میں 49.8 کی اوسط سے 498 رنز بنائے تھے۔

اپنی کپتانی میں 2019 ون ڈے ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے والے مورگن کو کارتک کی جگہ کولکتہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ مورگن فی الحال اس ٹیم کے نائب کپتان تھے۔ مورگن کی قیادت میں انگلینڈ 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا تھا جہاں وہ ویسٹ انڈیز سے ہار گیا۔ مورگن کو کولکاتا نے 2019 کی نیلامی میں 5.25 کروڑ میں خریدا تھا۔ مورگن اس سے قبل 2011 سے 2013 تک کولکتہ کی ٹیم میں شامل رہے ہیں۔


کارتک نے اس سیزن میں ممبئی انڈینز کے خلاف 30، سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف صفر، راجستھان رائلز کے خلاف ایک، دہلی کیپیٹلز کے خلاف چھ، چنئی سپر کنگز کے خلاف 12، کنگز الیون پنجاب کے خلاف 58 اور رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ایک رنز بنائے ہیں۔

کولکاتہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وینکی میسور نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ کارتک جیسا کپتان ملا ہے جس نے ٹیم کو ہمیشہ آگے رکھا۔ ان جیسے کپتان کے لئے اس طرح کا فیصلہ لینا بہت مشکل ہے۔ ہم ان کے فیصلے پر حیرت زدہ ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ ان کے فیصلے کا احترام بھی کرتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس اسکواڈ میں 2019 کے ورلڈ کپ فاتح کپتان مورگن ہیں جو کولکتہ کے نائب کپتان تھے اور وہ ٹیم کو آگے لے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ کارتک اور مورگن اس سیزن میں ایک ساتھ مل کر کام کر رہے تھے اور اب یہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ اور بھی بہتر طریقے سے کام کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ دونوں پہلے کی نسبت بہت بہتر کام کریں گے۔

وینکی میسور نے کہا کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی پوری ٹیم کی جانب سے ہم نے کارتک کو دو سال سے زیادہ عرصے تک ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے شراکت کے لئے شکریہ ادا کیا ہے اور مورگن کو نئی ذمہ داری کے لئے نیک خواہشات دی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */