یوکرین کے صدر نے یوروپی پارلیمنٹ میں کی لاجواب تقریر، کئی منٹ تک بجتی رہی تالی

یوکرین کے صدر ولودمیر زیلینسکی نے یوروپی پارلیمنٹ میں آج تقریر کی، ان کی تقریر اتنی متاثر کن تھی کہ یوروپی اراکین پارلیمنٹ کھڑے ہو کر کئی منٹ تک تالی بجاتے رہے۔

ولودمیر زیلینسکی
ولودمیر زیلینسکی
user

قومی آوازبیورو

یوکرین کے صدر ولودمیر زیلینسکی نے آج یوروپی پارلیمنٹ میں تقریر کی۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ وہ اپنی زمین اور اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تقریر کے دوران انھوں نے جذباتی انداز میں اپنی باتیں یوروپی اراکین پارلیمنٹ کے سامنے رکھیں۔ یہ تقریر اس قدر متاثر کن تھی کہ جب انھوں نے تقریر ختم کی تو کئی منٹ تک اراکین پارلیمنٹ کھڑے ہو کر تالی بجاتے رہے۔

زیلینسکی نے فیس بک ویڈیو کے ذریعہ یوروپی پارلیمنٹ میں کہا کہ خرکیف کے سنٹرل اسکوائر میں حملہ ایک دہشت گردانہ حملہ تھا اور روسی صدر ولودمیر پوتن کو متنبہ کیا کہ کوئی بھی اسے معاف نہیں کرے گا، کوئی نہیں بھولے گا۔ یوکرین کے صدر زیلینسکی نے مزید کہا کہ ہم اپنی زمین اور اپنی آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اس کے باوجود کہ ہمارے سبھی شہر اب بے حال ہیں کوئی بھی ہمیں توڑنے والا نہیں ہے، ہم مضبوط ہیں، ہم یوکرینین ہیں۔


قابل ذکر بات یہ ہے کہ یوکرین کو اب یوروپی یونین کا رکن بنائے جانے کو لے کر منظوری مل گئی ہے۔ یوکرین کے صدر ولودمیر زیلینسکی نے پیر کے روز یوکرین کو یوروپی یونین میں شامل کرنے کے لیے درخواست کی تھی۔ اس درخواست کو یوروپی پارلیمنٹ نے منظوری دے دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یوکرین کو یوروپی یونین میں شامل کرنے کے لیے یوروپی پارلیمنٹ میں ایک خصوصی داخلہ عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔ یوکرین کو یوروپی یونین میں شامل کرنے کے قرارداد پر پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوگی۔

روسی حملے کے درمیان یوکرین کے صدر نے پیر کو ایک درخواست پر دستخط کیا تھا جس میں یوکرین کو یوروپی یونین میں شامل کرنے کی بات تھی۔ یوکرین نے اسے تاریخی لمحہ بتایا تھا۔ اُدھر یوکرین کے وزیر اعظم ڈینس شمگل نے کہا تھا کہ یہ یوکرین اور یہاں کے شہریوں کی پسند ہے۔ ہم اس سے کہیں زیادہ کے لائق ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔