مشرق وسطیٰ، یورپ، امریکہ سمیت متعدد ممالک میں عید الاضحیٰ کا تہوار تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا

فلسطین میں مسجد اقصیٰ میں نماز عید کا اجتماع ہوا، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز عید کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے قربانی کی۔

عید الاضحیٰ کی نماز کا منظر / ٹوئٹر / @URDUVOA
عید الاضحیٰ کی نماز کا منظر / ٹوئٹر / @URDUVOA
user

یو این آئی

دبئی: سعودی عرب، فلسطین، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں سمیت یورپ، امریکہ، کینیڈا، انڈونیشیا، جاپان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے دیگر خطوں میں عیدالاضحیٰ کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، جہاں نماز عید میں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خاتمہ، مسلمانوں کے اتحاد و یکجہتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پاکستان میں عید بدھ کو منائی جائے گی لیکن پشاور میں بسنے والے کچھ افغان مہاجرین نے بھی آج عید منائی / ٹوئٹر / @URDUVOA
پاکستان میں عید بدھ کو منائی جائے گی لیکن پشاور میں بسنے والے کچھ افغان مہاجرین نے بھی آج عید منائی / ٹوئٹر / @URDUVOA
مشرق وسطیٰ، یورپ، امریکہ سمیت متعدد ممالک میں عید الاضحیٰ کا تہوار تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا
مشرق وسطیٰ، یورپ، امریکہ سمیت متعدد ممالک میں عید الاضحیٰ کا تہوار تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا

عیدالاضحیٰ، عید الفطر کے بعد مسلمانوں کا اہم ترین تہوار ہے جو قمری کلینڈر کے آخری مہینے ذی الحجہ کی 10 تاریخ سے 12 تاریخ تک منایا جاتا ہے۔عید الاضحیٰ میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں اور اس کا گوشت، غربا و مساکین کے علاوہ عزیز و اقارب میں تقسیم کرتے ہیں۔ گزشتہ برس کی مانند اس سال بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف ممالک نے عید کے اجتماعات کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔


اسی طرح رواں برس بھی محدود پیمانے پر حج کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی عرب میں مقیم ان 60 ہزار افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ ایسے عازمین کو ہی حج کے لئے اجازت دی گئی تھی جنہوں نے کورونا کی ویکسین لگوائی تھی اور جو کسی دائمی بیماری کا شکار نہیں تھے۔ سعودی عرب میں حجاج آج شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد واپس مکہ جائیں گے، حجاج کرام کو سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر سینیٹائزڈ کنکریاں فراہم کی ہیں۔

دنیا کے بیشتر ممالک پر عید الاضحیٰ کا آغاز دو رکعت نماز عید کی ادائیگی کے ساتھ ہوا جبکہ افغانستان کے صدارتی محل میں نماز عید کی ادائیگی کے دوران قریبی مقام پر راکٹ آ گرے۔ فلسطین میں مسجد اقصیٰ میں نماز عید کا اجتماع ہوا، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز عید کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے قربانی کی۔


ترکی میں آیا صوفیا میں نماز عید ادا کی گئی، ترک صدر نے عید کی مبارکباد دی، اسی طرح متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ملائشیا میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جس میں مسلم اُمہ کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

انڈونیشیا میں کورونا وبا کے بدترین پھیلاؤ کے باعث بڑے اجتماعات پر پابندی ہونے کے باوجود مساجد کے باہر نمازِ عید ادا کی گئی اور جانور قربان کیے گئے۔ سب سے زیادہ مسلمان آبادی والا یہ ملک کورونا وائرس کی بدترین زد میں ہے اور گزشتہ روز یہاں وبا کے باعث ایک ہزار 338 افراد لقمہ اجل بنے، چنانچہ عید کے موقع پر عوام کو سفر سے روکنے کے لیے سڑکوں پر ناکے قائم کیے گئے اور اندرون، ملک پروازوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔


دوسری جانب بنگلہ دیش نے کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں عید الاضحیٰ کی وجہ سے 8 روز کا وقفہ دیا تھا تاکہ لوگ خریداری اور اہلِ خانہ کے ساتھ عید منانے کے لیے گھروں کو سفر کر سکیں۔

چین میں بھی آج عید الاضحیٰ کا تہوار منایا گیا۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی مسجد میں نمازِ عید ادا کی گئی جس میں پاکستانی سفیر، معین الحق، سینئر سفارتکاروں، عہدیداروں، کاروباری افراد، اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ نماز عید کے بعد جانوروں کی قربانی کی گئی اور ایک دوسرے سے مبارکباد کا تبادلہ کیا گیا، چین میں 10 سے زائد مختلف نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 2 کروڑ مسلمان آباد ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان سمیت چند ممالک میں عید الاضحیٰ کل منائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔