عیدالاضحیٰ: بہار میں ایک بار پھر نہیں ہو سکے گی اجتماعی نماز، سخت کورونا پابندی نافذ

عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی کے پیش نظر پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ چندر شیکھر سنگھ نے پولیس سپرنٹنڈنٹ اور تمام اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور کورونا پابندیوں پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔

علامتی، تصویر یو این آئی
علامتی، تصویر یو این آئی
user

تنویر

بہار میں کورونا انفیکشن کے تعلق سے سخت پابندیاں نافذ ہیں اور ایک بار پھر مسلم طبقہ عید کی نماز باجماعت ادا نہیں کر پائے گا۔ بہار میں گزشتہ سال بھی عیدین کی نماز لوگوں نے گھروں پر ہی پڑھی تھی اور رواں سال عیدالفطر کی نماز بھی مساجد اور عیدگاہ میں باجماعت ادا نہیں کی جا سکی تھی، اور اب 21 جولائی کو جب پورے ملک میں عیدالاضحیٰ کا تہوار منایا جا رہا ہوگا اور بیشتر ریاستوں میں عیدگاہ اور مساجد میں باجماعت نماز ادا کی جا رہی ہوگی، تو بہار میں لوگ گھروں میں نماز ادا کرنے کو مجبور ہوں گے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ نے اپیل بھی جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کا تہوار گھروں میں رہ کر ہی منایا جائے۔

عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی کے پیش نظر پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ چندر شیکھر سنگھ نے پولیس سپرنٹنڈنٹ اور تمام اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ کووڈ گائیڈ لائنس پر عمل کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کی نماز صرف گھروں میں ہی پڑھی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی عیدگاہ یا مسجد میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ضلع مجسٹریٹ نے سبھی ایس ڈی او، بی ڈی او اور سی او کو ہدایت جاری کرتے ہوئے تھانہ اور سب ڈویژن سطح پر امن کمیٹی کی میٹنگ کر تمام ہدایات اور اصول و ضوابط کو عام کرنے کی ہدایت دی ہے۔


واضح رہے کہ بہار میں کورونا کی تیسری لہر کے اندیشوں کے درمیان حکومت ابھی کسی طرح کی چھوٹ دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔ چونکہ عیدالاضحیٰ اور ساون کے موقع پر مسلمانوں اور ہندوؤں کی کافی بھیڑ گھروں سے باہر نکلتی ہے، اس لیے سختی کے ساتھ کورونا پابندیوں کو نافذ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انتظامیہ پوری طرح سے الرٹ ہے اور ساون کا تہوار بھی ہندوؤں کو گھروں میں رہ کر ہی منانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔