’ہم جب بھی فائنل 11 چنتے ہیں تو کرکٹ شیدائیوں کو مایوس کرتے ہیں‘، راہل دراوڑ نے ایسا کیوں کہا؟

دراوڑ نے کہا کہ ہر بار جب ہم کسی ٹورنامنٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں کا اسکواڈ تیار کرتے ہیں، تو بہت سارے کھلاڑی ہیں جو سوچتے ہیں کہ انھیں وہاں ہونا چاہیے۔

راہل دراوڑ، تصویر آئی اے این ایس
راہل دراوڑ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ اپنی باتوں کو انتہائی سہل انداز میں لوگوں کے سامنے رکھنے کا ہنر جانتے ہیں۔ دراوڑ خود اپنے وقت کے ایک عظیم بلے باز رہ چکے ہیں، اس لیے انھیں پتہ ہے کہ کس کھلاڑی کی حمایت کرنی ہے اور کس کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔ انھیں کئی بار ایسے سوالوں کے جواب دینے پڑتے ہیں جن کی کوئی اہمیت ہی نہیں ہوتی۔ حالانکہ دراوڑ ان سوالوں سے پریشان نہیں ہوتے، پھر بھی وہ کہتے ہیں کہ کوچنگ کی سب سے مشکل بات ہار اور جیت سے کہیں اوپر ہے۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران راہل دراوڑ نے کہا کہ ’’آپ ذاتی طور پر ان سبھی لوگوں کی پروا کرتے ہیں جنھیں آپ کوچنگ دیتے ہیں اور آپ نجی رشتے بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ انھیں ایک انسان کی شکل میں تربیت دینا چاہتے ہیں، نہ کہ کرکٹ کھلاڑی کی شکل میں۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ چاہتے ہیں کہ وہ سبھی کامیاب ہوں۔ لیکن ساتھ ہی آپ کو سچائی میں بھی جینا پڑتا ہے اور یہ محسوس کرنا ہوتا ہے کہ ان میں سے سبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ کبھی کبھی آپ کو بے حد مشکل فیصلے لینے پڑتے ہیں۔‘‘


دراوڑ کا کہنا ہے کہ ہر بار جب ہم ایک پلیئنگ الیون چنتے ہیں، تو ہم لوگوں کو مایوس کرتے ہیں۔ ایسے بھی لوگ ہیں جو نہیں کھیل رہے ہیں۔ ہر بار جب ہم کسی ٹورنامنٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں کا اسکواڈ تیار کرتے ہیں، تو بہت سارے لوگ ہیں جو سوچتے ہیں کہ انھیں وہاں ہونا چاہیے۔ آپ ان کے لیے جذباتی سطح پر برا محسوس کرتے ہیں، لیکن کم از کم ہم سبھی کوشش کرتے ہیں۔ میں یہ نہیں کہتا کہ میں اس میں ماہر ہوں، میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ میں ہر وقت صحیح کرتا ہوں، کیونکہ یہ آپ کو متاثر کرتا ہے۔ یہ کوچنگ یا قیادت کا سب سے مشکل حصہ ہے۔ ان لوگوں کے بارے میں مشکل فیصلے لینے ہوتے ہیں جنھیں آپ واقعی میں کامیاب ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی بہتری چاہتے ہیں۔ لیکن آپ اصولوں سے مجبور ہو کر صرف چنندہ کھلاڑیوں کو منتخب کر سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔