پریس ریلیز

’ایران پر امریکی بمباری کھلی جارحیت ہے‘، مولانا محمود مدنی کا سخت رد عمل

مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا کہ اسرائیل اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں قتل و غارت گری اور دہشت گردی کا محور بن چکا ہے، جسے امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

مولانا محمود اسعد مدنی، تصویر آئی اے این ایس
مولانا محمود اسعد مدنی، تصویر آئی اے این ایس 

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے ایران پر حالیہ امریکی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی معاہدوں اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اسرائیل اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں قتل و غارت گری اور دہشت گردی کا محور بن چکا ہے، جسے امریکہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ امریکہ نے ہمیشہ اپنی جارحانہ پالیسیوں کے ذریعے دنیا کو نقصان پہنچایا ہے، اور مشرقِ وسطیٰ میں اس کا وجود تریاق کے بجائے زہر میں تبدیل ہو چکا ہے۔

Published: undefined

مولانا محمود مدنی کا کہنا ہے کہ جب تک مشرقِ وسطیٰ کے ممالک باہم متحد ہو کر اپنی سرزمین سے امریکی اڈوں کا خاتمہ نہیں کرتے، اس خطے میں دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بصورتِ دیگر پورا مشرقِ وسطیٰ یکے بعد دیگرے ان شیطانی سازشوں کا شکار ہوتا رہے گا، جیسا کہ ماضی میں عراق، افغانستان اور لیبیا کے ساتھ ہو چکا ہے، اور اب وہی مکروہ کھیل ایران کے خلاف دہرایا جا رہا ہے۔

Published: undefined

مولانا مدنی نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی طاقتور ملک کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی فوجی برتری کی بنیاد پر دنیا کے کسی بھی خطے میں جارحیت کا استعمال کرے۔ اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ دنیا بھر میں بداعتمادی، نفرت اور عدم استحکام کو بڑھاوا دیتی ہیں۔ سب کو انسانیت کے طے شدہ اصولوں کا پابند ہونا چاہیے، اور ہر وہ اقدام جو معصوم جانوں کو نشانہ بنائے، انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائے، اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالے، ناقابلِ قبول ہو اور اس کے خلاف کاغذی کارروائی کے بجائے سخت قدم اٹھایا جانا چاہیے۔

Published: undefined

مولانا مدنی نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، انصاف پسند اقوام اور امن دوست طبقات سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیں، جنگ بندی کی کوششوں کو ترجیح دیں، اور ایسے طاقتور عناصر کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے اجتماعی اقدام کریں جو انسانیت کے خلاف مسلسل جرم کر رہے ہیں جس میں اسرائیل سرفہرست ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined