مشرق وسطی کشیدگی: قطر میں پھنسے ایک ہزار ہندوستانی شہریوں کی محفوظ وطن واپسی
پروازیں منسوخ ہونے کے بعد قطر میں پھنسے 1000 ہندوستانی شہریوں کو قطری ایئرویز کی پروازوں کے ذریعے نئی دہلی، ممبئی اور کوچی پہنچایا گیا۔ ہندوستانی سفارت خانے نے قطر-سعودی عرب کے تعاون پر شکریہ ادا کیا

نئی دہلی: قطر میں پروازیں منسوخ ہونے کے بعد وہاں پھنسے تقریباً ایک ہزار ہندوستانی شہریوں کو محفوظ طریقے سے وطن واپس لایا گیا ہے۔ اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے قطر میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے قطری ایئر ویز اور سعودی عرب کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ اور تال میل برقرار رکھا۔
ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 10 مارچ کو تقریباً ایک ہزار ہندوستانی مسافروں نے قطری ایئر ویز کی مختلف پروازوں کے ذریعے نئی دہلی، ممبئی اور کوچی کا سفر کیا اور بحفاظت ہندوستان پہنچ گئے۔ سفارت خانے نے اس سلسلے میں تعاون پر قطری ایئر ویز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
سفارت خانے کے مطابق ہندوستانی شہریوں کی واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس کے تحت 96 گھنٹے کی مدت والے عارضی ٹرانزٹ ویزا کے ذریعے ہندوستانی شہریوں کو سعودی عرب کی سلویٰ سرحد کے راستے سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس انتظام سے ان مسافروں کو خاص طور پر فائدہ ہوا جو قطر میں پروازوں کی منسوخی کے باعث وہاں رک گئے تھے۔
سفارت خانے نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستان کی باسکٹ بال ٹیم، جو قطر میں موجود تھی اور واپسی میں دشواری کا سامنا کر رہی تھی، وہ بھی سعودی عرب سے پروازوں کے ذریعے وطن پہنچ گئی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانے نے اس سلسلے میں سعودی عرب اور قطر دونوں کے حکام کے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ادھر ہندوستانی سفارت خانے نے شہریوں کی مدد کے لیے چوبیس گھنٹے فعال کنٹرول روم اور ہندوستانی برادری کے لیے ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر رکھا ہے، جہاں سے مسلسل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں اور ضرورت مند شہریوں کی رہنمائی کی جا رہی ہے۔
منگل کے روز سفارت خانے نے ایک تازہ ایڈوائزری بھی جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ ہندوستانی شہری جو اس وقت قطر میں سیاح یا کم مدت کے مہمان کے طور پر موجود ہیں اور 28 فروری 2026 سے پروازیں منسوخ ہونے کے باعث وطن واپس نہیں جا پا رہے، وہ ہندوستانی سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر اپنی تفصیلات درج کریں۔
سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کا مقصد صرف ان ہندوستانی شہریوں کی درست تعداد اور معلومات حاصل کرنا ہے جو قطر کے مستقل باشندے نہیں ہیں اور فی الحال وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ مزید یہ بھی بتایا گیا کہ جن افراد نے پہلے جاری کیے گئے لنک کے ذریعے اپنی معلومات پہلے ہی جمع کرا دی ہیں، انہیں دوبارہ فارم بھرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔