خبریں

اہم خبر: کانگریس صدر سونیا گاندھی کی طرف سے بریلی شریف درگاہ کے لیے ’چادر‘ روانہ

کملیش تیواری کی ماں کسم تیواری نے اشفاق شیخ اور معین الدین کی گرفتاری پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان دونوں کو جلد سے جلد پھانسی کی سزا دی جانی چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کانگریس صدر سونیا گاندھی کی جانب سے بریلی شریف کے لیے ’چادر‘ روانہ

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بریلی شریف درگاہ پر چادر پوشی کے مقصد سے آج ایک چادر روانہ کر دیا ہے۔ یہ چادر انھوں نے آل انڈیا اقلیتی کانگریس کے وفد کے سپرد کیا ہے جو کہ بریلی شرف درگاہ جا کر چادر پوشی کا عمل انجام دے گا۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

بابری مسجد پر فیصلہ سے قبل مدھیہ پردیش کے ڈی جی پی نے سبھی اضلاع کو جاری کیا الرٹ

بابری مسجد اور رام مندر اراضی تنازعہ پر فیصلہ جلد ممکن ہے اور اس کے پیش نظر مدھیہ پردیش کے ڈی جی پی وجے کمار سنگھ نے سبھی اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ساتھ ہی ڈی جی پی نے افسران سے کہا ہے کہ وہ حساس علاقوں کی فہرست بنائیں اور سوشل میڈیا پر بھی گہری نظر رکھیں۔ علاوہ ازیں ڈرون سے مختلف علاقوں کی نگرانی کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

غیرقانون گوشت کاروبار کے الزام میں 49 افراد حراست میں

مرادآباد: اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں پولس نے ممنوعہ جانور کاٹنے اور غیر قانونی گوشت کاروبار کرنے کے الزام میں کانگریس کونسلر سمیت 49 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ پولس ذرائع نے بدھ کو یہاں بتایا کہ مرادآباد پولس نے ممنوعہ جانور کاٹنے کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 49 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ان میں اترپردیش کے تین بڑے گوشت کاروباری شامل ہیں۔ پولس نے ان کے قبضے سے دس لاکھ کی نقدی ،لیپ ٹاپ سمیت بھاری مقدمی میں ممنوعہ گوشت کے ساتھ سینکڑوں کی تعداد میں زندہ جانور برآمد کئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گل شہید علاقے میں آج صبح اس وقت افراتفری مچ گئی جب پولس کے اعلی افسران کی قیادت میں گل شہید علاقے میں ناجائز طریقے سے کاٹے گئے ممنوعہ جانور کا گوشت برآمد کیا۔ پولس نے 120 زندہ جانور سمیت پانچ ریفرجیریٹر گاڑیاں بھی برآمد کی ہیں۔

پولس کے ذریعہ حراست میں لئے گئے اسمگلروں میں مرادآباد نگر نگم کے مقامی کونسلر عافین مدنی سمیت اترپردیش کے دو بڑے گوشت کارباری بھی شامل ہیں۔پولس نے گرفتار تمام افراد کے کلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گوشت کے بڑے پیمانے پر غیر قانونی کاروبار کی اطلاع ملنے پر لکھنؤ سے اعلی افسران کی ہدایت پر یہ بڑی کاروائی کی گئی ہے۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

کملیش کے اہل خانہ کو 15 لاکھ روپئے اور ایک مکان دینے کا اعلان

لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کملیش تیواری کے اہل خانہ کی مدد کے لئے ان کی بیوی کو 15 لاکھ روپئے کے ساتھ سیتا پور میں ایک مکان فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

سرکاری ترجمان نے بدھ کو یہاں بتایا کہ وزیر اعلی نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ کملیش کے قتل کے معاملے میں گرفتار کئے گئے ملزموں کے خلاف فاسٹ ٹریک کورٹ میں متأثر کن کاروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ سازشی افراد کے خلاف بھی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔

قابل ذکر ہے کہ 18 اکتوبر کو پرانے لکھنؤ کے ناکہ علاقے میں دن دہاڑے سخت گیر ہندو لیڈر کملیش تیواری کو ان کے دفتر میں دو افراد نے چاقو سے حملہ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ اس ضمن میں ابھی تک پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

دہلی کی 1797 غیر قانونی کالونیوں کو مستقل کرنے کا فیصلہ

مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا ، ’’کابینہ نے دہلی میں غیر قانونی کالونیوں میں مقیم 40 لاکھ افراد کو حق ملکیت دینے کا تاریخی فیصلہ لیا ہے۔‘‘

دہلی میں کل 1797 غیر قانونی کالونیاں ہیں جن میں سے تین کالونیوں کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ سینک فارمز، مہندررو انکلیو اور اننت رام ڈیری کو ان کالونیوں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے جن کو مستقل کیا جا رہا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ غیر قانونی کالونیاں سرکاری اراضی، کھیتی کی زمین اور گرام سبھا اراضی پر تعمیر شدہ ہیں۔ کالونیوں کو مستقل بنانے کے دوران سرکل ریٹ کا کچھ فیصد ریگولرائزیشن فیس کے طور پر وصول کیا جائے گا۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

کملیش تیواری قتل معاملہ: گرفتار اشفاق شیخ اور معین الدین کے لیے 72 گھنٹے کا سفری ریمانڈ منظور

منگل کی شب گرفتار اشفاق شیخ اور معین الدین پٹھان کو گجرات کی ایک عدالت نے 72 گھنٹے کا سفری ریمانڈ دیا ہے۔ کملیش تیواری قتل معاملہ میں اہم ملزم اشفاق اور معین الدین کو اب لکھنؤ کی پولس احمد آباد سے لے کر لکھنؤ آئے گی تاکہ اس سے آگے کی پوچھ تاچھ کی جائے۔ اس کے لیے لکھنؤ پولس کی 4 رکنی ٹیم پہلے ہی احمد آباد پہنچ چکی ہے۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

سینئر کانگریس لیڈر ڈی. کے. شیو کمار کو عدالت نے دی بڑی راحت، ضمانت منظور

دہلی ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ معاملے میں کرناٹک کے سینئر لیڈر ڈی کے شیو کمار کو 25 ہزار روپے کے نجی مچلکے پر ضمانت دے دی۔ وہ فی الحال عدالتی حراست میں ہیں۔ ان کی ضمانت عرضی کو ٹرائل کورٹ نے پہلے خارج کر دیا تھا۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

غازی آباد: آرڈیننس فیکٹری کے باہر بدمعاشوں نے ’رام-رام‘ کہتے ہوئے نوجوان کو مار دی گولی

اتر پردیش کے غازی آباد میں وزارت دفاع کے ماتحت آنے والی آرڈیننس فیکٹری کے باہر ایک نوجوان کا بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دو بدمعاشوں نے پہلے ’رام-رام‘ بولا اور پھر نوجوان پر 5 گولیاں داغ دیں۔ گولی مارنے کے بعد بدمعاش موقع سے فرار ہو گئے۔ آرڈیننس فیکٹری کے باہر ہوئے اس واقعہ کے بعد ہنگامہ برپا ہو گیا۔ یہ واردات منگل کے روز سرزد ہوا۔ فی الحال علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

کرناٹک: سیلاب نے 18 اکتوبر سے اب تک 13 لوگوں کی جان لے لی

کرناٹک میں سیلاب کی وجہ سے حالات کافی بدتر ہو رہے ہیں۔ صورت حال یہ ہے کہ 18 اکتوبر 2019 سے اب تک کل 13 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ سیلاب کے سبب لوگ کافی پریشان ہیں اور ان کے لیے رہنے کے علاوہ کھانے پینے کے بھی مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

سورو گانگولی بی سی سی آئی کے صدر منتخب، بورڈ میٹنگ میں ہوا فیصلہ

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا یعنی بی سی سی آئی کی ممبئی میں منعقد میٹنگ کے دوران سورو گانگولی کو باضابطہ بورڈ کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ ہندوستان کے سابق کپتان نے صدر کی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور ہندوستانی کرکٹ کو مضبوط کرنے کے لیے ضروری قدم اٹھائے جانے کا عزم ظاہر کیا۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

جموں و کشمیر: نوشیرا علاقے میں پاکستان نے کی جنگ بندی کی خلاف ورزی، فائرنگ میں ایک جوان شہید

پاکستان جموں و کشمیر سرحد پر لگاتار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے اور گزشتہ شب بھی اس نے نوشیرا میں فائرنگ کی۔ اس فائرنگ میں ایک جوان کے شہید ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ ہندوستانی فوجیوں نے پاکستان کی اس فائرنگ کا منھ توڑ جواب دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکستان نے پونچھ کے میڈھر سیکٹر میں بھی فائرنگ کی اور ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ اتنا ہی نہیں، پاکستان نے رہائشی علاقوں میں بھی گولے برسائے جس میں کچھ شہری زخمی بھی ہوئے۔ ایک زخمی خاتون کو فوراً پولس والوں نے ایمبولنس کے ذریعہ اسپتال پہنچایا۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

کملیش تیواری قتل: لکھنؤ پولس کی 4 رکنی ٹیم اہم ملزمان اشفاق اور معین الدین کو لانے جائے گی گجرات

کملیش تیواری قتل معاملہ کے اہم ملزمین اشفاق شیخ اور معین الدین پٹھان اس وقت گجرات اے ٹی ایس کے قبضے میں ہیں جنھیں راجستھان-گجرات سرحد سے گزشتہ شب گرفتار کیا گیا۔ ان دونوں کو لکھنؤ لانے کے لیے لکھنؤ پولس کی ایک چار رکنی ٹیم آج احمد آباد کے لیے روانہ ہوگی۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

اہم ملزمین کی گرفتاری سے خوش کملیش کی ماں نے کہا ’’دونوں کو پھانسی دو‘‘

کملیش تیواری قتل واقعہ کے دونوں اہم ملزمین اشفاق شیخ اور معین الدین پٹھان کو گجرات اے ٹی ایس نے راجستھان سرحد سے گرفتار کیا جس کی خبر سن کر کملیش کی ماں کسم تیواری نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا کے سامنے بیان دیا ہے کہ میں ملزمین کی گرفتاری سے خوش ہوں اور جلد سے جلد انھیں پھانسی دیا جانا چاہیے۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 23 Oct 2019, 8:25 AM IST