لوگ مر رہے ہیں، بیمار ہو رہے ہیں اور حکومت قانون کمزور کرنے میں مصروف: جئے رام رمیش
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ صرف ہوا ہی نہیں، آبی آلودگی بھی فکر انگیز موضوع ہے۔ سبھی ریاستوں میں یہ ایک سنگین ایشو ہے۔

اندور میں گندہ پانی پینے سے ہوئی اموات کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ کانگریس لگاتار اس معاملہ میں بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس معاملہ میں اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’گزشتہ کئی سالوں سے اندور کو ملک کے سب سے صاف شہر کا ایوارڈ مل رہا ہے، لیکن کچھ دنوں میں آلودہ پانی پینے سے افسوسناک انداز میں کئی لوگوں کی موت ہو گئی۔‘‘ حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’ایک طرف حکومت کہتی ہے– اندور کو سب سے صاف شہر ہونے کا ایوارڈ ملا ہے۔ لیکن دوسری طرف وزیر ماننے کو تیار نہیں ہیں کہ وہاں کیسے حالات ہیں۔‘‘
جئے رام رمیش نے اس بات پر سخت ناراضگی ظاہر کی کہ ریاستی وزیر صحافیوں پر غصہ نکال رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’وہ جن الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں، انھیں ہم کبھی قبول نہیں کر سکتے۔ یہ حکومت صرف اعداد و شمار کے کھیل سے سب کچھ ٹھیک دکھانے میں لگی ہوئی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’حقیقت تو یہ ہے کہ آلودگی لوگوں کو مار رہی ہے۔ صرف ہوا ہی نہیں، آبی آلودگی بھی فکر کا موضوع ہے۔ سبھی ریاستوں میں یہ ایک سنگین ایشو ہے۔‘‘
کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ ملک میں قوانین اور اعلیٰ معیاری پیمانوں کی کمی نہیں ہے، لیکن انھیں نافذ نہیں کیا جاتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’گزشتہ 10 سالوں میں حکومت کے ذریعہ پانی، فضا، ماحولیات سے جڑے سبھی قوانین کو لگاتار کمزور کیا گیا ہے، تاکہ کمپنیوں کو فائدہ مل سکے۔‘‘ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہم ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ (کاروبار آسان بنانا) کے خلاف نہیں ہیں، لیکن بزنس سے پہلے ’ایز آف لیوینگ‘ (زندگی گزارنے میں آسانی) اور ’ایز آف بریتھنگ‘ (سانس لینے میں آسانی) ہے۔ لوگ مر رہے ہیں، بیمار ہو رہے ہیں اور حکومت قانون کمزور کرنے میں لگی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔