خبریں

اہم خبریں: آسام کے سابق وزیر اعلیٰ ترون گگوئی کی حالت سنگین، اسپتال میں لائف سپورٹ پر

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

آسام کے سابق وزیر اعلیٰ ترون گگوئی کی حالت سنگین، اسپتال میں چل رہا علاج

آسام کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر ترون گگوئی کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ گواہاٹی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل کے سپرنٹنڈنٹ ابھجیت شرما نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ میکانیکل ونٹلیشن پر ہیں اور ان کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

رینجرس پر حملے کے الزام میں تین مقامی باشندے گرفتار

نینی تال: اتراکھنڈ کی باگیشور پولیس نے محکمہ جنگلات کی ٹیم پر دھاردار اسلحہ سے حملہ کرنے والے تین مقامی باشندوں کو گرفتارکیا ہے۔ باگیشور تھانہ پولیس کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق باگیشور کے فاریسٹ آفیسر منیش کمار کی طرف سے تحریری شکایت دی گئی تھی کہ جمعہ 20 نومبر کو وہ علاقے کا دورہ کر رہے تھے۔ اسی دوران ریکھولی گاوں کے پاس تین افراد چیڑ کا درخت کاٹ رہے تھے۔ جب انہیں منع کیا گیا اور کاٹنے کی تحریری اجازت دکھانے کو کہا گیا تو ملزمان نے ان پر اسلحے سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد پولیس کی جانب سے اس معاملے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور موقع پر جاکر فوری ایک ملزم پرتاپ رام ولد بھگوان رام باشندے ریکھولی کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسی معاملہ میں ہفتہ کو پولیس نے دو دیگر ملزمان ونود چندر جوشی اور رمیش چندرپانڈے موضع بلونا کو گرفتارکرلیا ہے۔ آج تینوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

اے پی کی جھیلوں میں بیرونی ممالک کے خوبصورت پرندوں کی آمد

حیدرآباد: آندھراپردیش کے ضلع نیلور میں فلیمنگو (راج ہنس) پرندوں کی بڑی تعداد دیکھی جا رہی ہے۔ ہر سال دیگر ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں فلیمنگو یعنی راج ہنس پرندے بڑے تعداد میں یہاں آتے ہیں ان پرندوں کو دیکھنے کے لئے سیاحوں کی کثیر تعداد نیلور میں جمع ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے حکومت آندھراپردیش کی جانب سے خصوصی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ حکومت کولیرو اور پلیکٹ جھیلوں کا تحفظ کر رہی ہے۔ ان انوکھے پرندوں کو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں کیونکہ یہ خوبصورت پرندے سال میں صرف ایک مرتبہ دنیا کے مختلف ممالک سے ضلع نیلور کا رخ کرتے ہیں۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

بیگو سرائے میں چھٹ پوجا کے دوران دو افراد ڈوب گئے

بیگوسرائے: ہفتہ کے روز بہار کے بیگوسرائے ضلع میں چھٹ پوجا کے دوران دو مختلف معاملوں میں ایک بچے سمیت دو افراد ڈوب گئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ضلع کے ڈنڈاری تھانہ علاقہ کے بلھا گاؤں کا رہائشی پپو کمار (16) چھٹ پوجا کے موقع پر صبح بوڑھی گنڈک ندی میں اسنان کر رہا تھا، تبھی گہرے پانی میں ڈوبنے سے اس کی موت ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے منسورچک تھانہ کے آغا پور گاؤں کسٹولی گھاٹ پر بالان ندی میں اسنان کرنے کے دوران آغا پور گاؤں کے رہنے والے ساجن (04) کی ڈوب کر موت ہوگئی۔ دونوں لاشوں کو ندی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بیگو سرائے صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

باندہ میں خاتون سمیت 3 افراد کا قتل، 4 ملزمین کو گرفتار

باندہ: اترپردیش کے ضلع باندہ میں ہفتہ کو ایک خاتون اور اس کے دو بیٹوں بشمول ایک پولیس کانسٹیبل کو ان کے پڑوسیوں نے قتل کردیا۔ جمعہ کی دیر رات پیش آئی اس واردات میں پولیس نے 4 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ انسپکٹرجنرل آف پولیس(آئی جی) ستیہ نارائن نے کہا کہ گھر کے باہر کچرا پھینکنے کے معمولی تنازع اس واردات کا سبب بنا۔ پڑوسی جو کہ متاثرین کے قریبی رشتہ دار بھی ہیں نے ماں راما دیوی (50)، ان کی بیٹی نشا (22) اور بیٹے ابھیشیک (24) کو تیز ہتھیاروں سے قتل کر دیا۔ پولیس کانسٹیبل ابھیشیک پریاگ راج میں تعینات تھا۔ مقتول راما دیوی کا دوسرا بیٹا بھی پولیس کانسٹیبل ہے جو اس وقت ٹریننگ پر ہے۔ آئی جی کے مطابق اس ضمن میں ابھی تک پولیس نے 4 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

ممبئی میں سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک

ممبئی: شہر کے مضافاتی علاقے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر پارک شدہ ٹیمپو اور موٹرسائیکل میں ہوئے ٹکراو کے سبب آج صبح ایک موٹرسائیکل پر سوار دو افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ صبح 6 بجکر 10 منٹ پر واکولا بریج کے قریب پیش آیا۔ کھیرواڑی اور واکولا پولیس حادثے کی جگہ پر موجود ہے۔ حادثے کے فورا بعد ہی علاقے میں بھاری ٹریفک جمع ہوگیا تھا لیکن اب ٹریفک پر قابو پا لیا گیا ہے اور گاڑیوں کی آمد ورفت شروع ہو رہی ہے۔ مہلوکین کی لاشوں کو سرکاری سائن اسپتال روانہ کیا گیا ہے۔ مہلوکین کی شناخت کے تعلق سے پولیس نے ابتک کوئی اطلاع فراہم نہیں کی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار کا انتظار ہے۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

14 راکٹ حملوں سے لرز اٹھا کابل، 6 افراد جان بحق، 24 زخمی

کابل: افغانستان کا دار الحکومت کابل ہفتہ کے روز متعدد دھماکوں سے لرز گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق 14 راکٹ فائر کیے گئے، جس کے سبب 6 افراد جان بحق ہو گئے جبکہ 24 زخمی ہوئے ہیں۔ راکٹ حملوں سے قبل کابل کے مختلف مقامات پر 2 دھماکے بھی ہوئے، جن میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

بہار میں سورج کے پوجا کرنے کا تہوار چھٹ اختتام پذیر

پٹنہ: بہار میں آج اگتے ہوئے سورج کی پوجا کرنے کے ساتھ ہی سورج کے پوجنے کا سب سے بڑا تہوار چھٹ اختتام پذیر ہوگیا۔ ریاستی راجدھانی پٹنہ میں آج گنگا ندی کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں میں لاکھوں ورت رکھنے والے مردوخواتین نے اگتے ہوئے سورج کو ندیوں اور تالابوں میں کھڑے ہوکر پوجا کی۔ کورونا کی وجہ سے زیادہ تر ورت رکھنے والوں نے اس مرتبہ گھر میں ہی چھٹ کیا۔

بہار کے گورنر پھاگو چوہان، وزیراعلی نتیش کمار، سابق نائب وزیراعلی سشیل کمار مودی، سابق وزیراعلی رابڑی دیوی، سابق نائب وزیراعلی تجیسوی پرساد یادو سمیت کئی دیگروزراء اور لیڈروں نے لوگوں کو چھٹ کی نیک خواہشات پیش کیں۔ اس موقع پر وزیراعلی مسٹر نتیش کمار نے چھٹ کے آخری دن آج صبح اپنی رہائش گاہ ایک، آنے مارگ میں اگتے ہوئے سورج کی پوجا کی اورایشور سے ریاست اور ملک کے لوگوں کی خوشحالی اور امن کی دعا کی۔‘‘

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

یوپی میں لگاتار اموات کے باوجود شراب مافیاؤں پر کارروائی کیوں نہیں؟ پرینکا

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کئی شہروں میں زہریلی شراب سے ہونے والی اموات کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’یوپی میں لکھنؤ، فیروز آباد، ہاپوڑ، متھرا، الہ آباد سمیت کئی مقامات پر زہریلی شراب سے اموات ہوئی ہیں۔ آگرہ، باغپت اور میرٹھ میں بھی زہریلی شراب سے اموات واقع ہوئی ہیں۔ آخر کیا وجہ ہے کہ دکھاوے کے اقدامات کے بجائے حکومت شراب مافیاؤں پر کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے؟ کون زمہ دار ہے؟‘‘

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

لکھنؤ میں ایس پی کے ایم ایل سی کے گھر پر فائرنگ، ایک شخص کی موت

اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں ایس پی رہنما کے فلیٹ پر ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس واقعہ کا ہفتہ کی صبح انکشاف ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ایم ایل سی امت یادو کے فلیٹ میں راکیش نامی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کہ واقعہ حضرت گنج کے لاپلاس اپارٹمنٹ میں رات گئے پیش آیا اور گولی سالگرہ کی تقریب کے دوران چلائی گئی تھی۔ تاہم، قتل کے پیچھے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ امت یادو شاہجہاں پور سے ایس پی کے ایم ایل سی ہیں۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

امریکہ: وسکونسن کے مال میں فائرنگ، آٹھ افراد زخمی

واشنگٹن: امریکہ کے وسکونسن میں واقع ایک مال پر ہوئی فائرنگ میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔ اس کی اطلاع محکمہ پولیس نے دی ہے۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ واوواٹوسا پولیس کو مائی فیئر مال میں فائرنگ کی اطلاع ملی تھی۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو حملہ آور موقع پر موجود نہیں تھا۔ اس حملے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں ان میں ایک نوعمر بھی شامل ہے۔

ریلیز کے مطابق فی الحال زخمیوں کے بارے میں مزید کوئی معلومات دستیاب نہیں ہوسکی ۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور ایک انگریز شخص تھا جس کی عمر 20 سے 39 سال کے درمیان تھی۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 21 Nov 2020, 10:39 AM IST