
کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ نے ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم اور بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش یعنی 11 نومبر کو قومی سمینار منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سمینار میں رام پنیانی، اشوک کمار پانڈے اور محسنہ قدوائی اہم مقرر ہوں گے۔ تقریب کی صدارت کانگریس کے سینئر لیڈر پون کمار بنسل کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ سمینار جواہر بھون ہال میں صبح 11 بجے شروع ہوگا۔
مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہا ہے کہ وہ کل دیویندر فڈنویس کے تعلق سے ہائیڈروجن بم گرائیں گے۔ انہوں نے کہا وہ دیوندر فڈنویس کے انڈرورلڈ سے تعلقات کو بے نقاب کر دیں گے۔
انہوں نے کہا، ’’دیوندر فڈنویس مجھے انڈرورلڈ اور سزایافتہ مجرموں سے جوڑ کر میری شبیہ کو داغ دار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ بالکل اسی طرح کی بات کر رہے جیسے کہا گیا تھا کہ میرے گھر سے ڈرگس برآمد ہوئی ہے، میں انہیں قانونی نوٹس بھجواؤں گا۔‘‘
دہلی میں چھٹھ پوجا کے موقع پر جمنا میں بڑے پیمانے پر آلودگی اور جھاگ نظر آ رہے ہیں اس کے لئے دہلی کے وزیر راگھو چڈھا نے یوپی اور ہریانہ حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ راگھو چڈھا نے کہا، ’’اوکھلا بیراج علاقہ میں جمنا میں جو جھاگ نظر آ رہے، یہ علاقہ یوپی کے اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر نگرانی ہے لہذا اس کے لئے یوپی حکومت ذمہ دار ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی یوپی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔ دہلی میں آلودہ پانی یوپی اور ہریانہ حکومت کا تحفہ ہے۔‘‘
مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 10126 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، یہ تعداد گزشتہ 266 دنوں میں سب سے کم ہے۔ اس دوران 332 افراد کی جانچ چلی گئی۔ جبکہ ملک میں فی الحال 140638 کیسز فعال ہیں۔ فعال کیسز کی یہ تعداد گزشتہ 263 دنوں میں سب سے کم ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Nov 2021, 9:56 AM IST