سپریا شرینیت، ویڈیو گریب
وزیر اعظم نریندر مودی کے مشہور ’100 اسمارٹ سٹی‘ منصوبہ پر تالا لٹک گیا ہے۔ اس تعلق سے کانگریس نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’نریندر مودی کا مزید ایک جملہ فلاپ ہو گیا۔ ’اسمارٹ سٹی‘ والا فیوریٹ جملہ ختم ہو گیا۔‘‘ کانگریس نے مزید کہا ہے کہ ’’مودی نے ملک کی عوام کو 100 اسمارٹ سٹی کا جھنجھنا پکڑایا تھا۔ اس کی خوب تشہیر کی گئی، بڑے بڑے بینر و پوسٹر لگے، پانی کی طرح عوام کا پیسہ بہایا گیا، تقریروں میں لمبی لمبی لفاظی کی گئی، گودی میڈیا دن رات اسمارٹ سٹی کی تعریف کرنے لگا، لیکن باقی جملوں کی طرح ہی اس کا بھی ڈبہ گول ہو گیا۔ عوام کا ہزاروں کروڑ روپے ہضم کر لیا گیا اور اسکیم بند کر دی گئی۔ یہ بہت بڑی بدعنوانی ہے جو نریندر مودی نے کی ہے۔‘‘
Published: undefined
کانگریس نے مودی حکومت پر حملہ جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ واحد جملہ نہیں ہے، چلیے یاد دلا دیں۔ سبھی کے اکاؤنٹس میں 15 لاکھ روپے، ہر سال 2 کروڑ ملازمتیں، کسانوں کی آمدنی دوگنی، ہر ہندوستانی کو پختہ مکان۔ مودی کے جملوں کی فہرست بہت طویل ہے۔ سچ یہ ہے کہ نریندر مودی سے بڑا ’جملے باز‘ تاریخ میں نہ کبھی ہوا ہے، اور نہ کبھی ہوگا۔‘‘
Published: undefined
اس معاملے میں کانگریس نے پارٹی ترجمان سپریا شرینیت کا ویڈیو پیغام آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر جاری کیا ہے۔ اس میں وہ کہتی ہیں کہ ’’ایک اور جملے کا خاتمہ۔ اسمارٹ سٹی مشن ختم۔ 100 میں سے صرف 16 شہروں میں کام پورا ہونے کا دعویٰ، 84 شہروں میں 14 ہزار کروڑ روپے کے کام ادھورے، 10 سال میں 3 بار اسکیم کی ڈیڈلائن بڑھی۔ 100 شہروں کو مارچ 2023 تک پروجیکٹ پورے کرنے تھے۔‘‘ اسمارٹ سٹی مشن سے متعلق کچھ تفصیل بیان کرنے کے بعد سپریا کہتی ہیں کہ ’’جن شہروں میں کام پورا ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، کیا وہ واقعی میں اسمارٹ سٹی بن گئے ہیں؟ بریلی سے لے کر رانچی، سورت سے لے کر وارانسی، وڈودرا سے لے کر پونے میں اسمارٹ کیا بنا یہ تو سمجھ نہیں آیا، بڑی بڑی سڑکیں ضرور اب بھی کھدی ہوئی ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’کسانوں کی دوگنی آمدنی ہو یا روپیہ-ڈالر ایک قیمت پر کرنا، یا 15 لاکھ ہر اکاؤنٹ میں، یا 2 کروڑ سالانہ روزگار، یا 100 اسمارٹ سٹی کا جملہ، یہ منصوبے تو خوب ڈھول نگاڑے کے ساتھ لائے گئے، لیکن حقیقت میں ناکام ہو گئے۔ یہ صرف نکماپن ہی نہیں، بدعنوانی بھی ہے۔ اسمارٹ سٹی مشن کے نام پر ہزاروں کروڑ روپے پھونک دیے اور اب اسکیم بند کر دی۔‘‘
Published: undefined
سپریا شرینیت نے اسمارٹ سٹی اسکیم بند ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد مودی حکومت کے سامنے کچھ تلخ سوالات بھی رکھے ہیں۔ انھوں نے پوچھا ہے کہ ’’اس خرچ کا جوابدہ کون ہے؟ عوام کے ہزاروں کروڑ روپے ہضم کر کے ڈکار بھی نہ لینے کا ذمہ دار کون ہے؟ کون ہے اس ناکام اسکیم کا ذمہ دار؟ کیا مودی حکومت صرف اسکیم بند کر کے، کام درمیان میں چھوڑ کر اپنا پلہ جھاڑ سکتی ہے؟‘‘ ویڈیو پیغام کے آخر میں سپریا شرینیت یہ بھی کہتی ہیں کہ ’’زبانی جمع خرچ کے علاوہ یہاں تو بدعنوانی کی بھی بو آ رہی ہے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined