ٹی-20 عالمی کپ: کپتان سوریہ کمار کی بدولت ہندوستان نے امریکہ کو 29 رنوں سے دی شکست، ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز

پاور پلے کے اندر 4 وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان کی حالت خراب نظر آ رہی تھی۔ اس مشکل وقت میں کپتان سوریہ کمار یادو نے محاذ سنبھالا اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 49 گیندوں پر 84 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔

<div class="paragraphs"><p>سوریہ کمار یادو، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان نے ’ٹی-20 عالمی کپ 2026‘ میں اپنے سفر کا آغاز فتح کے ساتھ کیا ہے، لیکن یہ فتح سخت محنت سے حاصل ہوئی۔ سوریہ کمار یادو کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم نے امریکہ کو 29 رنوں سے ضرور شکست دے دی، لیکن سب سے مضبوط بلے بازی والی ہندوستانی ٹیم میں صرف 4 ہی بلے باز ایسے رہے جو دوہرے ہندسہ تک پہنچ پائے۔ ان 4 میں بھی 2 کھلاڑیوں نے 20 یا اس سے کم رن بنائے۔

ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلہ میں ہندوستان نے امریکہ کے سامنے جیت کے لیے 162 رنوں کا ہدف رکھا تھا، جس کا پیچھا کرتے ہوئے امریکی ٹیم ہدف سے 29 رن پیچھے رہ گئی۔ 20 اوورس پورے کھیلنے کے بعد بھی امریکی ٹیم جیت حاصل نہیں کر سکی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ہندوستان نے جیت کے ساتھ 2 پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔ ہندوستان کی اس جیت کے ہیرو کپتان سوریہ کمار یادو رہے، جنھوں نے مشکل وقت میں ہندوستانی اننگ کو نہ صرف سنبھالا، بلکہ آخر میں رنوں کی رفتار بھی بڑھائی۔


آج سے شروع ہوئے اس ٹورنامنٹ کا یہ تیسرا مقابلہ تھا، جس میں امریکہ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ ہندوستان ایک طوفانی شروعات کی امید لگائے بیٹھا تھا، لیکن آج میدان پر کچھ الگ ہی نظارہ دیکھنے کو ملا۔ ابھشیک شرما اپنی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے، اور پھر پاور پلے میں ہی 4 وکٹ گرنے سے ہندوستان کی حالت خستہ دکھائی دینے لگی۔ اس مشکل وقت میں سوریہ کمار یادو نے محاذ سنبھالا۔ ایک طرف سے بھلے ہی وکٹ گرتے رہے، لیکن کپتان سوریہ نے آخر تک ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 49 گیندوں پر 84 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ ان کی اس اننگ میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل ہیں۔

سوریہ کمار کی اننگ کی بدولت ہی ہندوستانی ٹیم 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 161 رن بنانے میں کامیاب ہو پائی۔ ہندوستان کی طرف سے دوسرے بڑے اسکورر تلک ورما رہے، جنھوں نے 16 گیندوں پر 25 رن بنائے۔ ایشان کشن نے 20 اور اکشر پٹیل نے 14 رنوں کی اننگ کھیلی۔ پھر جب ہندوستان کی گیندبازی شروع ہوئی تو تیز گیندبازوں نے اس اسکور کا دفاع کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دی۔ خاص طور سے محمد سراج نے پاور پلے کے اندر 2 وکٹ لے کر آگے کا راستہ گیندبازوں کے لیے آسان کر دیا۔ عرشدیپ سنگھ نے بھی پاور پلے میں ایک وکٹ لے کر ہندوستانی ٹیم کو راحت پہنچائی۔


امریکہ کے لیے پریشانی یہ رہی کہ ہر تھوڑے وقفہ پر وکٹ گرتا رہا، جس کی وجہ سے وہ 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 132 رن ہی بنا سکی۔ محمد سراج نے سب سے زیادہ 3 وکٹ، اور اکشر پٹیل و عرشدیپ سنگھ نے 2-2 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ ورون چکرورتی کے حصے میں آیا۔ سوریہ کمار یادو کو ان کی کپتانی والی اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یہ 17ویں بار ہے جب ٹی-20 انٹرنیشنل میچ میں سوریہ کمار یادو کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔