قومی خبریں

مہاراشٹر کے ستارا میں خاتون ڈاکٹر کی موت پر راہل گاندھی کا تبصرہ، ’یہ خودکشی نہیں بلکہ ادارہ جاتی قتل ہے‘

مہاراشٹر کے ستارا میں خاتون ڈاکٹر کی خودکشی پر راہل گاندھی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ’ادارہ جاتی قتل‘ قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی حکومت مجرموں کی محافظ بن گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی (فائل) / آئی اے این&nbsp;ایس</p></div>

راہل گاندھی (فائل) / آئی اے این ایس

 

مہاراشٹر کے ستارا ضلع میں خاتون ڈاکٹر کی خودکشی کے معاملے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اس واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے عام خودکشی نہیں بلکہ ’ادارہ جاتی قتل‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ ڈاکٹر ایک باصلاحیت اور حساس خاتون تھی جو دوسروں کا درد کم کرنے کی خواہش رکھتی تھی مگر بدعنوان اور مجرمانہ ذہن رکھنے والے عناصر نے اس کی زندگی اجیرن کر دی۔

Published: undefined

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’مہاراشٹر کے ستارا میں عصمت دری اور ہراسانی سے تنگ آ کر ایک خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کر لی۔ یہ کسی بھی مہذب سماج کی روح کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ ہے۔ ایک ہونہار ڈاکٹر بیٹی، جو دوسروں کو زندگی دینے کا عزم رکھتی تھی، اسی نظام کے ہاتھوں جان گنوا بیٹھی جو اسے انصاف دینے والا تھا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ جسے عوام کے تحفظ کی ذمہ داری دی گئی تھی، اسی نے اس معصوم کے ساتھ بدترین جرم کیا۔ رپورٹوں کے مطابق خاتون نے اپنے سوسائڈ نوٹ میں ایک پولیس سب انسپکٹر، گوپال بدنے، پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس نے اپنے مکان مالک کے بیٹے پر بھی ذہنی اذیت اور ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔

Published: undefined

راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا، ’’یہ واقعہ بی جے پی کی سرپرستی میں پروان چڑھنے والی مجرمانہ سوچ کی بدترین مثال ہے۔ جب حکومت خود مجرموں کی ڈھال بن جائے تو انصاف کی امید کس سے کی جا سکتی ہے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے مہاراشٹر کی بی جے پی حکومت کا غیر انسانی اور بے حس چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ’’ہم اس متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ لڑائی صرف ایک خاندان کی نہیں بلکہ پورے ملک کی بیٹیوں کے حق کی لڑائی ہے۔ اب خوف نہیں، انصاف چاہیے۔‘‘

Published: undefined

واقعہ ستارا کے پھلٹن علاقے کا ہے جہاں سرکاری اسپتال میں تعینات ایک خاتون ڈاکٹر جمعرات کی رات ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائی گئی۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک سوسائڈ نوٹ برآمد ہوا جس میں اس نے پولیس افسر اور ایک عام شہری پر سنگین الزامات عائد کیے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم پولیس سب انسپکٹر گوپال بدنے اور مکان مالک کے بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں سے تفتیش جاری ہے اور معاملے کی جانچ اعلیٰ سطح پر ہو رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined