قومی خبریں

پرینکا گاندھی نے پریاگ راج میں پٹائی کے شکار طلبا سے کی بات، کہا ’ڈریے مت، ہم آپ کے ساتھ ہیں‘

اتر پردیش کے پریاگ راج میں پولیس نے ہاسٹل میں گھس کر طلبا کو پیٹا تھا، اس پورے واقعہ پر طلبا نے پرینکا گاندھی کو اپنی آپ بیتی سنائی جس کے بعد پرینکا نے کہا ’’ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘

پرینکا گاندھی / تصویر ویڈیو گریب
پرینکا گاندھی / تصویر ویڈیو گریب 

اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے پریاگ راج میں پولیس کے ذریعہ طلبا کے ہاسٹل میں گھس کر مار پیٹ اور توڑ پھوڑ کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ پرینکا گاندھی نے جمعرات کو پریاگ راج میں پولیس کی پٹائی کے شکار طلبا سے ورچوئل پلیٹ فارم پر بات کی۔ ریلوے این ٹی پی سی اور گروپ ڈی کا ریزلٹ برآمد ہونے کے بعد کئی مقامات پر طلبا نے سڑک پر اتر کر مظاہرہ کیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے پریاگ راج کے ایک ہاسٹل میں گھس کر طلبا کی پٹائی کی تھی۔ اس پورے واقعہ پر طلبا نے پرینکا گاندھی کو اپنی آپ بیتی سنائی جس کے بعد پرینکا نے کہا کہ ’’ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میں ہر اسٹیج سے ہر فورم میں آپ کی بات اٹھاؤں گی۔ ڈریے مت، یہ یقینی بنائیے کہ انتخاب آپ کے ایشوز پر ہو، آپ کے روزگار کے ایشوز پر ہو۔ حکومت آپ کو ملازمت نہیں دیتی اور آپ پر استحصال بھی کرتی ہے۔ اب جب لیڈر ووٹ مانگنے آئیں تو ان کی جوابدہی طے کیجیے۔‘‘

Published: undefined

پرینکا گاندھی نے کہا کہ بھرتی کے عمل کو سالوں سال لٹکنے سے بچانے کا حل ہے ’جاب کیلنڈر‘۔ ہم نے نوجوانوں کے لیے تیار منشور میں جاب کیلنڈر کی بات کی ہے۔ طلبا سے گفتگو کے دوران پرینکا گاندھی نے پریاگ راج پہنچ کر ان سے ملاقات کا وعدہ بھی کیا۔

Published: undefined

اس سے قبل پرینکا گاندھی نے بدھ کے روز آر آر بی-این ٹی پی سی امتحان 2021 کے ریزلٹ کی مخالفت کر رہے طلبا کی حمایت میں حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ گرفتار کیے گئے طلبا کی جلد رہائی یقینی بنائی جائے۔ دراصل ریلوے بھرتی بورڈ کے ریزلٹ 15-14 جنوری کو جاری کیے گئے تھے۔ ان امتحانات میں ایک کروڑ 40 لاکھ امیدوار شامل ہوئے تھے اور نتیجے برآمد ہونے کے بعد سے ہی طلبا کے درمیان عدم اطمینان ہے۔ اس کے خلاف طلبا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ یہ احتجاج بہار، اتر پردیش اور ملک کے کئی دیگر حصوں میں طلبا کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔ اسی واقعہ کے دوران ایک وائرل ویڈیو میں یوپی پولیس پریاگ راج کے ہاسٹل/لاج میں گھس کر دروازے توڑتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس معاملے میں افسران نے 6 پولیس اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined