
راہل گاندھی اور تیجسوی یادو، تصویر @INCIndia
بہار اسمبلی انتخاب میں جیت حاصل کرنے کے لیے تمام پارٹیوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا ہے۔ ریاست میں سیاسی ریلیوں کا ایک طویل سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اپوزیشن 20 سال بعد اقتدار میں آنے کی کوشش میں مصروف ہے اور حکمراں جماعت مزید 5 سالوں تک کرسی پر قابض رہنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بہار میں اسمبلی انتخاب کی تشہیری مہم میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو پہلے سے ہی میدان میں ہیں، اب لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس رہنما راہل گاندھی کی بھی انٹری ہونے جا رہی ہے۔ انتخابی مہم میں ان کے حصہ لینے سے مہاگٹھ بندھن کو کافی تقویت حاصل ہوگی۔
Published: undefined
رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی 29 اکتوبر کو مظفرپور کے سکرا (محفوظ) اسمبلی حلقہ اور دربھنگہ میں مہاگٹھ بندھن حمایت یافتہ امیدواروں کے حق میں تیجسوی یادو کے ساتھ مشترکہ طور پر جلسۂ عام کو خطاب کریں گے۔ اس دوران دونوں لیڈران عوام سے مہاگٹھ بندھن کے امیدوار کے حق میں حق رائے دہی کے استعمال کی اپیل کریں گے۔ بہار کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین راجیش راٹھور نے بتایا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا اسمبلی انتخاب کے سلسلے میں یہ پہلا بہار دورہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی سکرا (محفوظ) سے کانگریس امیدوار امیش رام کی حمایت میں جلسۂ عام کو خطاب کریں گے۔ اس کے بعد راہل گاندھی دربھنگہ میں آر جے ڈی اور مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کی ریلی کو خطاب کریں گے۔
Published: undefined
راہل گاندھی کی دونوں ہی ریلیاں کافی اہمیت کی حامل ہیں، کیونکہ انتخابی موسم میں راہل-تیجسوی کی یہ پہلی مشترکہ ریلی ہوگی۔ مہاگٹھ بندھن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے چہرہ کے طور پر منتخب تیجسوی یادو مسلسل انتخابی ریلیوں میں عوام سے خطاب کر رہے ہیں اور این ڈی اے پر جم کر حملہ بول رہے ہیں۔ اب راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی جوڑی ایک ساتھ نظر آئے گی۔ واضح رہے کہ راہل-تیجسوی کی مشترکہ ریلی سے ایک روز قبل 28 اکتوبر کو مہاگٹھ بندھن کی جانب سے مشترکہ انتخابی منشور جاری کیا جائے گا۔
Published: undefined
واضح ہو کہ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو 16 دنوں تک بہار میں رہ کر 1300 کلومیٹر کی یاترا کی تھی۔ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران انہوں نے ووٹ چوری اور ایس آئی آر عمل کے خلاف حکمراں جماعت این ڈی اے اور الیکشن کمیشن کو ہدف تنقید بنایا تھا۔ اب ایک بار پھر ان دونوں کی جوڑی بہار میں سیاسی بھونچال لے کر آئے گی۔ راہل گاندھی کے علاہ پارٹی کے 40 اسٹار پرچارک بھی میدان میں اترنے والے ہیں۔ ان میں سونیا گاندھی، ملکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی، سچن پائلٹ، بھوپیش بگھیل اور کنہیا کمار جیسے لیڈران شامل ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ بہار کی تمام 243 سیٹوں پر 2 مرحلوں میں اسمبلی انتخاب ہونے ہیں۔ پہلے مرحلہ کے لیے 6 نومبر کو اور دوسرے مرحلہ کے لیے 11 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ انتخاب کے نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں 18 اضلاع کے 121 سیٹوں اور دوسرے مرحلہ میں 20 اضلاع کے 122 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ان دونوں مرحلوں میں مجموعی طور پر 2616 امیدوار میدان میں ہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز