قومی خبریں

اہم خبریں: نتیش کمار سے ناراض آر سی پی سنگھ نے جنتا دل یو سے دیا استعفیٰ

 آر سی پی سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
آر سی پی سنگھ، تصویر آئی اے این ایس PAPPI SHARMA

آر سی پی سنگھ نے جنتا دل یو سے دیا استعفیٰ

جنتا دل یو کی طرف سے سنگین الزامات کا سامنا کر رہے آر سی پی سنگھ نے پارٹی سے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔ آر سی پی سنگھ سے پارٹی نے کچھ ملکیتوں کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی، لیکن انھوں نے اس کی وضاحت دینے کی جگہ پارٹی سے ہی علیحدہ ہونے کا فیصلہ سنا دیا۔ میڈیا کے سامنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے انھوں نے نتیش کمار کے خلاف اپنی ناراضگی کا بھی اظہار کیا۔

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST

مارگریٹ الوا نے نائب صدر کا انتخاب جیتنے پر دھنکھڑ کو پیش کی مبارکباد

اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا نائب صدر کے انتخاب میں ناکام ہو گئی ہیں۔ این ڈی اے امیدوار دھنکھڑ نے آسانی سے یہ انتخاب جیت لیا۔ نتیجہ برآمد ہونے کے بعد مارگریٹ الوا نے جگدیپ دھنکھڑ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے سبھی اپوزیشن لیڈران اور سبھی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی مارگریٹ الوا نے لکھا ہے کہ انتخاب ختم ہو گیا، لیکن آئین کے تحفظ، جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کے وقار کو بحال کرنے کے لیے جنگ جاری رہے گی۔

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST

دھنباد کے جج اُتم آنند قتل معاملہ میں دو قصورواروں لکھن اور راہل کو عمر قید کی سزا

دھنباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ہشتم) اتم آنند قتل کیس میں سی بی آئی کے خصوصی جج رجنی کانت پاٹھک کی عدالت نے دو قصورواروں راہل ورما اور لکھن ورما کو عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے معاملے کی آن لائن سماعت کی۔ اتم آنند کی 28 جولائی 2022 کو پہلی برسی کے موقع پر ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے ملزمین کو تعزیرات ہند کی دفعہ 302 اور 201 کے تحت مجرم قرار دیا تھا۔

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST

آسام میں مذہبی تقریب کے دوران پرساد کھانے سے 18 افراد کی طبیعت خراب!

آسام کے مجولی ضلع میں ایک مذہبی تقریب کے دوران مبینہ طور پر پرساد کھانے سے 18 افراد کی طبیعت خراب ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر پلک مہنتا نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST

ہمارے ملک میں احتجاج کرنا اور اظہار رائے کرنا غیر قانونی ہے! راہل گاندھی

گزشتہ روز کانگریس کے احتجاج کے تعلق سے دہلی پولیس نے ایف آر درج کی ہے، جس پر پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا ’’ہمارے ملک میں احتجاج کرنا غیر قانونی ہے، اپنی رائے کا اظہار کرنا غیر قانونی ہے۔ وہ (بی جے حکومت) جو چاہے وہ کر سکتے ہیں۔‘‘

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST

سنجے راؤت کی اہلیہ ورشا راؤت ممبئی واقع ای ڈی کے دفتر میں پیش

پاترا چال گھوٹالہ کے معاملہ میں ای ڈی کی حراست میں موجود شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کی اہلیہ بھی تفتیشی ایجنسی کے سوالوں کا سامنا کرنے کے لئے ممبئی میں واقع ای ڈی کے دفتر پہنچ گئی ہیں۔

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST

پارلیمنٹ میں نائب صدرارتی انتخاب جاری، متعدد اہم لیڈران نے ڈالا ووٹ

پارلیمنٹ میں نائب صدر کے عہدے کے لیے صبح 10 بجے سے ووٹنگ جاری ہے۔ ووٹنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ دریں اثنا، وزیر اعظم مودی، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، مرکزی وزیر جتیندر سنگھ اور اشونی وشنو سمیت متعدد ارکان پارلیمنٹ نے اپنا ووٹ ڈال دیا۔ دیگر ارکان پارلیمنٹ بھی اپنا ووٹ ڈالنے پارلیمنٹ پہنچ رہے ہیں۔

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST

ہندوستان میں کورونا کے 19406 نئے معاملے

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 19406 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس دوران 19928 افراد نے شفایابی حاصل کر لی۔ فی الحال ملک بھر میں کورونا کے 134793 کیسز فعال ہیں جبکہ پازیٹوٹی ریٹ 45.96 فیصد ہو گیا ہے۔

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 06 Aug 2022, 9:38 AM IST