کانگریس کی اعلیٰ قیادت آسام کے سرکردہ پارٹی لیڈران کے ساتھ، تصویر @INCIndia
کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے آسام کے اپنے سرکردہ لیڈران کے ساتھ 27 فروری کو انتہائی اہم میٹنگ کی۔ یہ میٹنگ آئندہ سال آسام میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کی تیاریوں اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے مقصد سے ہوئی۔ کانگریس ہیڈکوارٹر ’اندرا بھون‘ میں ہوئی اس میٹنگ میں پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی کے علاوہ پارٹی کے آسام انچارج جتیندر سنگھ، آسام کانگریس کمیٹی کے صدر بھوپین بورا، لوک سبھا رکن گورو گگوئی اور ریاست کے کئی دیگر لیڈران شامل تھے۔
Published: undefined
میٹنگ کے بعد کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے آئندہ سال انتخاب والی ہر ریاست کی قیادت سے بات کی ہے۔ انھوں نے ہماری بات سنی اور ہمیں آگے بڑھنے کی ہدایت دی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر ہمیں آسام میں جمہوریت کو بچانا ہے تو وہاں کی بدعنوان بی جے پی حکومت کو اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ سبھی جانتے ہیں کہ سماج میں بدامنی کا ماحول ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بدعنوانی کی جو لنکا لگائی ہے، اسے تباہ کرنا ہوگا۔‘‘
Published: undefined
آسام انچارج اور کانگریس جنرل سکریٹری جتیندر سنگھ نے بھی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کی۔ انھوں نے کہا کہ آج آسام کے ہر علاقے سے کانگریس لیڈران اس میٹنگ میں موجود تھے۔ اس میٹنگ میں آئندہ آسام اسمبلی انتخاب کی حکمت عملی سے متعلق گفت و شنید ہوئی۔ یہ بات بھی میٹنگ میں رکھی گئی کہ آسام کے وزیر اعلیٰ ریاست کو فروخت کر رہے ہیں، مافیا گری کر رہے ہیں اور سنڈیکیٹ چلا رہے ہیں۔ اس سے آسام کی عوام بہت تکلیف میں ہے۔ میٹنگ میں یہ بھی طے ہوا کہ کانگریس صدر کھڑگے، حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آسام کا دورہ کریں گے، وہاں ان کی ریلیاں بھی ہوں گی۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ آسام میں بی جے پی اور اس کے وزیر اعلیٰ گھبرائے ہوئے ہیں، جبکہ کانگریس بے حد مضبوطی سے کام کر رہی ہے اور آسام کی عوام کے لیے لڑ رہی ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ آسام میں کانگریس نے بی جے پی حکومت اور وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے خلاف بدعنوانی معاملے پر محاذ کھول رکھا ہے۔ آج ہوئی میٹنگ کے بعد ریاستی حکومت پر حملہ مزید تیز ہونے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ بہر حال، جمعہ کو کانگریس قیادت کیرالہ کے پارٹی لیڈران کے ساتھ میٹنگ کرنے والی ہے۔ کیرالہ میں بھی کانگریس اہم اپوزیشن پارٹی ہے۔ کیرالہ اور آسام دونوں ہی ریاستوں میں آئندہ سال مارچ-اپریل میں اسمبلی انتخابات ممکن ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined