پٹنہ میں انڈیگو مسافر طیارہ کی لینڈنگ میں ہو رہی تھی مشکل، بڑی مشقت سے بچی 173 مسافروں کی جان

دہلی سے پٹنہ آ رہا طیارہ جب ٹیک آف کر رہا تھا تب طیارہ کے پائلٹ کو رَن وے پر درست ٹچنگ پوائنٹ نہیں مل سکا۔ اس دوران طیارہ کو ہوا میں کم از کم 4 چکر لگانے پڑے، پھر طیارہ کی بہ حفاظت لینڈنگ ہو پائی۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو فلائٹ / آئی اے این ایس</p></div>

انڈیگو فلائٹ / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

پٹنہ ہوائی اڈہ پر آج انڈیگو کے ایک مسافر طیارہ کو لینڈنگ کے وقت ٹچ پوائنٹ نہ ملنے سے ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا۔ دہلی سے پٹنہ پہنچی فلائٹ 6ای 2482 کو 4 مرتبہ ہوا میں چکر لگانے پڑے۔ پائلٹ کی سمجھ داری اور مشقت کے بعد طیارہ کی محفوظ لینڈنگ ممکن ہوئی اور 173 مسافروں کی جان بچ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ چھوٹے رَنوے اور ٹچ ڈاؤن زون میں لینڈنگ کی مشکلات کے سبب یہ واقعہ پیش آیا۔ پائلٹ نے صحیح وقت پر فیصلہ لیا جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی سے پٹنہ آ رہا انڈیگو طیارہ جب ٹیک آف کر رہا تھا، تبھی طیارہ کے پائلٹ کو رَنوے پر درست ٹچنگ پوائنٹ حاصل کرنے میں دقت ہوئی۔ اس وجہ سے لینڈنگ نہیں ہو سکے، اور پھر اس کے بعد طیارہ نے پھر اوپر کی طرف پرواز بھری۔ اس دوران طیارہ کو ہوا میں کم از کم 4 چکر لگانے پڑے۔ بعد ازاں پائلٹ نے طیارہ کی بہ حفاظت لینڈنگ کرائی۔ بتایا جا رہا ہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارہ نے مقررہ ٹچ ڈاؤن زون کو پار کر لیا تھا۔


ایئرپورٹ ذرائع کے حوالے سے آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ جب طیارہ نے لینڈنگ کی، تب اس کے مین لینڈنگ گیئر نے رَنوے کو ٹچ کیا، لیکن طیارہ طے مقام سے آگے نکل گیا تھا۔ غالباً آگے کا رَنوے محدود ہونے کے سبب پائلٹ نے وقت پر تھراٹل لگا کر طیارہ کو پھر سے ہوا میں اڑا لیا۔ ٹچ پوائنٹ نہیں ملنے کے سبب جب طیارہ نیچے اتار کر پھر سے اڑایا گیا تو طیارہ میں سوار 173 مسافروں کی سانس اٹک گئی تھی۔ حالانکہ طیارہ میں موجود عملہ کے اراکین نے صحیح وقت پر اعلان کر کے سبھی مسافروں کو صبر رکھنے کی بات کہی۔

واضح رہے کہ پٹنہ ایئرپورٹ کا رَنوے چھوٹا ہے۔ فی الحال اس کی لمبائی 2072.64 میٹر ہے، جبکہ کم از کم 2438 میٹر ہونی چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کو بڑھانے کی تیاری چل رہی ہے۔ گزشتہ 29 مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی نے پٹنہ ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح کیا تھا، جو تقریباً 1200 کروڑ روپے کے خرچ سے تیار ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔