قومی خبریں

کشمیر: سخت سیکورٹی بندوبست کے درمیان یوم جمہوریہ تقریب منعقد

وادی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک بار پھر غیر اعلانیہ ہڑتال رہی جس کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آوا جاہی کلی طور پر معطل رہی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سری نگر: وادی کشمیر میں منگل کو ملک کے 72 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ منائی گئیں۔ اس موقع پر غیر اعلانیہ مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال رہی جس کے سبب معمولات زندگی معطل رہی۔ وادی میں یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی اور مرکزی نیم فوجی دستوں، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے دستوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔

Published: undefined

وادی کشمیر میں حسب معمول امسال بھی یوم جمہوریہ کے موقع پر موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئیں تاہم موبائل فون سروس اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات بر قرار ہی رکھی گئیں۔ وادی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک بار پھر غیر اعلانیہ ہڑتال رہی جس کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آواجاہی کلی طور پر معطل رہی۔ تاہم سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور بینک سرکاری تعطیل ہونے کی وجہ سے بند رہے۔

Published: undefined

شیر کشمیر اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں بہت کم تعداد میں شرکا موجود تھے جنہوں نے کورونا وبا کے پیش نظر گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہوئے فیس ماسک بھی لگا رکھے تھے۔ کورونا کے پیش نظر طلبا تقریب سے غائب ہی رہے اور ثقافتی پروگرام بھی محدود ہی تھے۔ تقریب کے بحسن و خوبی انجام پذیر ہونے کو ممکن بنانے کے لئے ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا۔ کورونا وبا کے پیش نظر وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات پر یوم جمہوریہ کی تقریبات سادگی سے منعقد کی گئیں۔ تقاریب میں جہاں لوگوں کی شرکت بھی محدود ہی رہی وہیں فنکاروں کی طرف سے پیش کیے جانے والے پروگرام بھی محدود ہی تھے۔ بعض تقاریب میں کورونا کے بارے میں گیت گائے گئے اور اس وبا سے بچاؤ کے لئے جاری گائیڈ لائنز کو اپنانے کی عوام سے تاکید کی گئی۔

Published: undefined

جموں وکشمیر انتظامیہ نے اس بار بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں اپنے ملازمین کی شمولیت کو لازمی قرار دیا تھا۔ حکومت نے اس حوالے سے جاری کردہ سرکولرس میں خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے والے سرکاری ملازمین کو تادیبی کارروائی کا انتباہ کیا تھا۔ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے احسن انعقاد اور ملی ٹنٹوں کی طرف سے حملوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے منگل کے روز وادی بھر میں سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر تھی۔ سری نگر میں یوم جمہوریہ کی تقریب کو پر امن طریقے سے انجام دینے کے لئے ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا اور حساس علاقوں میں فقیدالمثال سیکورٹی بندوبست کیا گیا تھا۔ سری نگر میں جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے تھے جہاں آنے جانے والوں کی تلاشی اور ضروری پوچھ گچھ کرتے تھے۔

Published: undefined

اسٹیڈیم کی طرف آنے والی سڑکوں کو سیل کر دیا گیا تھا اور سری نگر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے تھے جن پر تعینات سیکورٹی اہلکار ہر آنے جانے والوں کی تلاشی اور ضروری پوچھ گچھ کرتے تھے۔ سری نگر کے سیول لائنز کے مختلف علاقوں خاص طور پر ڈل گیٹ، سونہ وار، ٹی آر سی کراسنگ، نمائش کراسنگ، تاریخی لال چوک، مائسمہ میں بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کردی گئی تھیں۔

Published: undefined

کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے شیر کشمیر اسٹیڈیم کے گردو نواح میں جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ نزدیک میں واقع ڈل گیٹ، ٹی آر سی اور ریڈیو کشمیر کراسنگ پر بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ کسی بھی طرح کے فدائین حملے سے نمٹنے کے لئے اونچی اونچی عمارتوں بالخصوص سلیمان ٹینگ چوٹی پر شارپ شوٹرس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ سیول لائنز علاقوں میں سیکورٹی فورسز کے سینئر افسروں کو بھی گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا اور بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

Published: undefined

یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جنہوں نے منگل کی صبح سری نگر کے کچھ علاقوں کا دورہ کیا کو کئی مقامات پر ناکہ لگائے سیکورٹی فورسز کو اپنا شناختی کارڈ دکھانا پڑا جس کے بعد ہی ان کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔ وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات میں بھی یوم جمہوریہ کی تقاریب کے احسن انعقاد کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور صدر مقامات میں داخل ہونے والے پوائنٹس پر ناکے لگائے گئے تھے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined