قومی خبریں

کشمیر: آغا حسن ایک بار پھر خانہ نظر بند

آغا حسن نے اپنی دوبارہ خانہ نظر بندی کے بارے میں یو این آئی اردو کو بتایا کہ 'مجھے آج ایک بار پھر خانہ نظر بند کر دیا گیا ہے اور میری نقل و حمل پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں'۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی، تصویر فیس بک
آغا سید حسن الموسوی الصفوی، تصویر فیس بک 

بڈگام: جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی کو منگل کے روز ایک بار پھر خانہ نظر بند کردیا گیا۔ قبل ازیں موصوف صدر کو ماہ رواں کی دو تاریخ کو خانہ نظر بند کر کے 'ہفتہ وحدت' کے سلسلے میں انجمن کی طرف سے منعقد کی جانے والی تقریبات میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ بتادیں کہ آغا حسن کی نظر بندی 14 ماہ بعد سال رواں کے ماہ اکتوبر کی 2 تاریخ کو ختم کردی گئی تھی۔

Published: undefined

آغا حسن نے اپنی دوبارہ خانہ نظر بندی کے بارے میں یو این آئی اردو کو بتایا کہ 'مجھے آج ایک بار پھر خانہ نظر بند کر دیا گیا ہے اور میری نقل و حمل پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے متعلقین سے سوال کیا کہ عدالت میں کہتے ہو کہ میں نظر بند نہیں ہوں، جبکہ یہاں پابندیاں لگاتے ہو تو میری رہائش گاہ کے باب الداخلے پر نہ صرف پولیس گاڑی کو کھڑا کیا گیا بلکہ میری نقل و حمل پر پابندی عائد کرنے کے لئے پولیس کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا۔

Published: undefined

آغا حسن کا کہنا تھا کہ پرامن مقاصد اور دینی امور کی انجام دہی کے لئے گھر سے باہر قدم رکھنے نہ دینا نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ مداخلت فی الدین کے مترادف بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں مسلسل خانہ نظر بند ہوں تو انہیں چاہیے کہ مجھے اس کی وجوہات سے آگاہ کریں۔ آغا حسن نے مزید کہا کہ مجھے گزشتہ نماز جمعہ کی ادائیگی سے بھی محروم رکھا گیا۔ دریں اثنا لوگوں نے موصوف صدر کی بار بار خانہ نظر بندی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

Published: undefined

لوگوں کا کہنا ہے کہ آغا صاحب کی بار بار نظر بندی سے نہ صرف وہ مجالس کے دوران ان کے وعظ و نصیحت سے محروم ہوجاتے ہیں بلکہ دیگر مذہبی امور کی انجام دہی سے معذور ہوجاتے ہیں۔ انجمن شرعی شیعیان، جو جموں و کشمیر کے شیعہ فرقے کی سب سے بڑی مذہبی تنظیم ہے، کے ایک ترجمان کے مطابق آغا حسن کو گزشتہ سال ماہ اگست کے اوائل میں اس وقت خانہ نظر بند کیا گیا تھا، جب جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے علاوہ اس کو دو یونین ٹریٹریز میں منقسم کیا گیا تھا۔

Published: undefined

انہوں نے بتایا کہ تنظیم نے موصوف کی مسلسل خانہ نظر بندی کے حوالے سے جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور جب عدالت نے انتظامیہ سے وضاحت طلب کی تو انتظامیہ نے یہ موقف اختیار کیا کہ حکومت کی طرف سے آغا صاحب کی خانہ نظر بندی کے حوالے سے پولیس کو کوئی حکم نامہ صادر نہیں کیا گیا ہے اور آغا صاحب خانہ نظر بند نہیں ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined