قومی خبریں

لاک ڈاؤن: غریب اور محروم طبقات کے لئے حکومت کوئی حکمت عملی تیار کرے،مولاناارشد 

دیگر اہل محلہ اپنے گھروں میں ہی نماز پڑھیں، خیال رہے کہ آپ کے پڑوس اور محلہ میں کوئی غریب بھوکا نہ سوئے: مولانا ارشد مدنی

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا 

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے آج اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ”کورونا وائرس“جیسی بیماری نے اس طرح پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے کہ وہ اس کے سامنے بالکل بے بس نظر آتی ہے اس سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ انسان اپنی تمام تر علمی اور سائنسی ترقی کے باوجود اس عظیم طاقت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا جو ہر شے کی خالق ہے۔

Published: undefined

مولانا ارشد مدنی نے ملک کے تمام شہریوں سے یہ اپیل کی کہ اس وبائی بیماری سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور اس کو لیکر عالمی تنظیم برائے صحت (WHO) اور مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جو ہدایات جاری ہوئی ہیں ان پر نہ صرف خود عمل کریں بلکہ دوسرے لوگوں کو بھی اس پر عمل پیرا ہونے کی تحریک دیں۔

Published: undefined

مولانا مدنی نے مسلمانوں سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ کورونا وائرس کو لیکر جن مقامات پر لاک ڈاؤن کیاگیا ہے اور بھیڑبھاڑ وغیرہ سے سختی سے منع کیا ہے ایسے مقامات پر ذمہ داران مساجد کو چاہئے کہ باجماعت نمازکے لئے ایسی حکمت عملی اختیار کریں جس سے قانون کی پاسداری اور وزارتِ صحت کی گائڈ لائنس پر عمل ہوسکے اور مساجد بھی آباد رہیں اس کے لئے بہتر یہ سمجھ میں آتا ہے کہ جن مقامات پر لاک ڈاؤن یعنی بھیڑبھاڑ سے منع کیا جارہا ہے وہاں امام وموذن اور خادم مسجد میں پانچوں وقت اذان کے ساتھ نماز باجماعت ادا کریں لیکن دیگر اہل محلہ اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کریں، جہاں ایسی صورت حال نہیں ہے وہاں نماز باجماعت ادا کریں، صاف ستھرائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے ڈاکڑوں کی گائڈ لائنس اور احتیاطی تدابیر کا پورا خیال رکھا جائے۔

Published: undefined

مولانا مدنی نے کہا کہ اس بیماری سے پوری دنیا خاص طور سے ہمارے ملک میں خوف اور ڈر کی جو صورت حال پیدا ہوئی ہے اس کی وجہ سے کاروبار اور دوسری سرگرمیاں بھی تقریباً بند ہوچکی ہیں ایسے میں ان غریب اور محروم طبقات کے سامنے زندگی اور موت کا سوال کھڑا ہو سکتا ہے جن کے پاس آمدنی کا کوئی معقول ذریعہ نہیں ہے اور جو روزانہ کی محنت سے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ بھرتے ہیں اس سلسلہ میں مرکزاور صوبائی حکومتوں کو ہنگامی سطح پر غورکرنا چاہئے، ایسے لوگوں کا باقاعدہ سروے کرکے مالی مدد پہنچانے کی اشد ضرورت ہے۔

Published: undefined

انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ محلہ اور پڑوس میں موجود غریب اور معاشی طور پر کمزور افراد کا خاص خیال رکھا جائے کیونکہ یہ اللہ کے غصہ سے نجات حاصل کرنے کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔ غریب اور نادار لوگوں کے ساتھ حسن سلوک بھی ہے۔ حدیث میں فرمایا گیا ہے کہ صدقہ اللہ کے غضب کو ٹھنڈا کرنے والا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر ملک کے تمام شہریوں سے یہ اپیل کی کہ وہ خوف زدہ نہ ہوں، اللہ حافظ و ناصر ہے تاہم احتیاط، پرہیز اورصاف صفائی کو مقدم رکھ کر اس مہلک بیماری سے خودکو محفوظ رکھیں اور ظلم و زیادتی سے بچیں، توبہ اور استغفارکی کثرت کریں اور رجوع الی اللہ کا خاص اہتمام کریں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined