قومی خبریں

رمضان میں حیدرآباد کی خصوصی ڈش حلیم، بھٹیوں کی تیاری کا کام شروع

ماہ صیام کی آمد کے اب صرف چند دن ہی رہ گئے ہیں تاہم ابھی سے ہی شہر حیدرآباد میں رمضان کی پسندیدہ ڈش حلیم کی بھٹیوں کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

حیدرآباد: ماہ صیام کی آمد کے لئے اب صرف چند دن ہی رہ گئے ہیں، تاہم ابھی سے ہی شہر حیدرآباد میں رمضان کی پسندیدہ ڈش حلیم کی بھٹیوں کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔ شہر کے مختلف ہوٹلوں میں یہ بھٹیاں تعمیر کی جاتی ہیں تاکہ ان بھٹیوں میں حلیم تیار کی جاسکے۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST

تاریخی چارمینار کے علاقہ میں صدیوں قدیم بازار ہوں یا پھر دونوں جڑواں شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے دوسرے علاقے، ہوٹلوں کے سامنے حلیم کی بھٹیاں لگائی جاتی ہیں جو ایک عام نظارہ ہے۔ ماہر استاد اپنے شاگردوں کے ساتھ بڑی ہی محنت سے بڑی بڑی دیگ میں حلیم بناتے ہیں۔ یہ مکمل پکوان جو 10 تا 12 گھنٹوں تک جاری رہتا ہے۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST

گوشت، گیہوں، دالوں اور مصالحہ جات سے تیار کی جانے والی حلیم دراصل ایک عربی ڈش ہے جو مغل دور میں افغانستان اور ایران سے ہوتے ہوئے حیدرآباد پہنچی۔ ہندوستانی مصالحہ جات، خشک میوے جات، گھی اورپکوان کے منفرد طریقہ سے اس سیال ڈش کو ہندوستانی رنگ دیا گیا ہے اور اس کی تیاری میں حیدرآباد کو ملک بھر میں منفرد مقام حاصل ہے۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST

اس طرح حیدرآباد کی پہنچان اب بریانی کے ساتھ ساتھ حلیم سے بھی ہونے لگی ہے۔ فائیو اسٹار ہوٹلوں سے لے کر مشہور اور چھوٹے ہوٹلوں میں تک حلیم تیار کی جا رہی ہے جو رمضان المبارک میں افطار کے وقت ایک ترجیحی غذ ا ہے۔ اس کی وجہ اس کی تغذیہ بخش نوعیت اور ذائقہ ہے۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST

ہر سال حیدرآباد میں 600 سے زائد مقامات پر حلیم تیار کی جا رہی ہے اور ایک اندازہ کے مطابق رمضان کے دوران یہ 100کروڑ روپئے سے زائد کا کاروبار ہے۔ حلیم کا کاروبار شہر حیدرآباد میں رمضان المبارک کے پورے مہینے عروج پر ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ مشہور برانڈ کی حلیم کی خریداری کے لئے لوگ ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST

ابتدا میں شہر کے ایرانی ہوٹلوں میں حلیم متعارف کی گئی تھی تاہم آہستہ آہستہ حلیم کا رجحان لوگوں میں بڑھتا گیا اور اب حلیم کا کاروبار رمضان میں زوروں پر ہوتا ہے۔ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں بھی یہ حلیم دستیاب ہوتی ہے جبکہ کئی لوگ حلیم کا مزہ چکھنے کے لئے پرانے شہر کا رخ کرتے ہیں۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST

پرانے شہر بالخصوص شاہ علی بنڈہ کی سڑک پر افطار سے پہلے اور افطار کے بعد لوگ حلیم کی خریداری میں مصروف دیکھے جاتے ہیں۔ پرانے شہر کے ہوٹلوں کی حلیم کا منفرد انداز لوگوں کو راغب کرتا ہے۔رمضان کے مہینے میں ذائقوں سے بھرپور یہ ڈش حلیم حیدرآباد کی علامت سمجھی جانے والی بریانی کو بھی پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST

ایک اندازہ کے مطابق شہر حیدرآباد میں تقریباً تین ہزار ہوٹلوں میں حلیم کی تیاری اور فروخت کا کام کیا جاتا ہے۔ان میں کئی عارضی ہوٹل بھی شامل ہیں جو صرف حلیم کے لئے رمضان میں کھلتے ہیں۔ اب چکن حلیم کے ساتھ ساتھ وجیٹیرین حلیم کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔ ایک پلیٹ مٹن حلیم کی قیمت 130 تا 140روپئے ہے جبکہ ایک پلیٹ چکن حلیم کی قیمت 50 تا 80 روپئے ہے۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 02 May 2019, 1:11 PM IST