
اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر پہلے مرحلہ کی ووٹنگ جاری ہے۔ اس درمیان اتراکھنڈ میں بھی اسمبلی انتخاب کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ہریدوار میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ہریدوار میں اپنی ایک تقریر کے دوران انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس آپ لوگوں کی حکومت لائے گی۔ دہلی میں وزیر اعظم نہیں ہیں، وہاں راجہ بیٹھا ہوا ہے۔ ہمیں ایسی حکومت نہیں چاہیے۔ ہمیں غریب عوام کی، کسانوں کی، چھوٹے کاروباری اور چھوٹے تاجروں کی اور نوجوانوں کو روزگار دلوانے والی حکومت چاہیے۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ہماری حکومت آتی ہے تو ہم ریاست میں 4 لاکھ ملازمتیں دیں گے۔ ہم 5 لاکھ غریبوں کو ہر سال 40 ہزار روپے ان کے اکاؤنٹ میں ڈلوائیں گے۔ ہم ایمبولنس، موٹر سائیکل اور ڈرون کے ذریعہ سے صحت خدمات کو آپ کے گھر تک پہنچائیں گے۔‘‘
اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے مودی حکومت کے طرز حکمرانی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ اگر نریندر مودی کو لگتا ہے کہ ان سے سبھی کو ڈر لگتا ہے، تو وہ غلط ہیں۔ ان کو لگتا ہے کہ ای ڈی، سی بی آئی سے وہ کسی کو بھی دبا دیں گے، تو وہ غلط ہیں۔ مجھے ان سے ڈر نہیں لگتا۔ مجھے الٹا ان کے تکبر کو دیکھ کر ہنسی آتی ہے۔ وہ ملک سے کہتے ہیں کہ گزشتہ 70 سالوں میں کچھ نہیں ہوا۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہ سڑکیں، فیکٹری، ٹرین سب جادو سے بنی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔