سرفراز خان نے کرکٹ کے میدان پر پھر لایا طوفان، 15 گیندوں میں بنائی نصف سنچری
سرفراز خان جیسے ہی کریز پر آئے، انھوں نے طوفانی انداز میں بلے بازی شروع کر دی۔ ہرپریت براڑ کی 5 گیندوں پر انھوں نے 19 رن بنائے، اور پھر ابھشیک شرما کے ایک اوور میں 30 رن بنا ڈالے۔

وجئے ہزارے ٹرافی میں سرفراز خان کا طوفانی انداز رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ انھوں نے آج پنجاب کے خلاف محض 15 گیندوں میں نصف سنچری لگا کر وجئے ہزارے ٹرافی میں اب تک کی تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی۔ سرفراز خان کی اس اننگ کی خاص بات یہ رہی کہ انھوں نے پنجاب کے آل راؤنڈر اور ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کے طوفانی سلامی بلے باز ابھشیک شرما کے ایک اوور میں 30 رن بنا ڈالے۔
سرفراز خان جب ممبئی کے سلامی بلے باز اور چھوٹے بھائی مشیر خان کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر اترے، تو شروع سے ہی اپنا رَنگ دکھا دیا۔ انھوں نے ہرپریت براڑ کی 5 گیندوں پر 19 رن بنائے۔ اس کے بعد ابھشیک شرما ان کے سامنے آئے جن کی خوب دھنائی ہوئی۔ ابھشیک کی 6 گیندوں میں 6 باؤنڈری لگا کر سرفراز نے سبھی کو اپنے تیور دکھلا دیے۔ ابھشیک کے اوور میں انھوں نے 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ اس طرح انھوں نے اس اوور میں 30 رن بٹور لیے۔
سرفراز خان نے 20 گیندوں کی اپنی اس اننگ میں 62 رن بنائے۔ ان کے بلے سے 7 چوکے اور 5 چھکے نکلے۔ اس کھلاڑی کا اسٹرائیک ریٹ 310 کا رہا۔ حالانکہ ان کی یہ اننگ ٹیم کو میچ جتانے والی ثابت نہیں ہوئی۔ دراصل پنجاب نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 216 رن بنائے تھے۔ ممبئی کو 50 اوورس میں 217 رنوں کا ہدف ملا، جو کہ بہت آسان نظر آ رہا تھا۔ سرفراز خان جب آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 14.4 اوورس میں 3 وکٹ کے نقصان پر 139 رن تھا۔ یہاں سے جیت بہت آسان دکھائی دے رہی تھی، لیکن بعد کے بلے بازوں نے انتہائی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ پوری ٹیم 26.2 اوورس میں 215 رنوں پر سمٹ گئی۔ اس طرح دلچسپ مقابلے میں ممبئی کو 1 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔