قومی خبریں

کورونا: چین سمیت 5 ممالک سے ہندوستان پہنچنے والے مسافروں کا آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ لازمی، ریاستوں کو کچھ اہم ہدایات جاری

ہندوستان میں کورونا سے حالات بے قابو نہ ہوں، اس کے لیے مرکزی اور ریاستی دونوں سطح پر سرگرمیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ لگاتار میٹنگیں بھی کی جا رہی ہیں۔

تصویر Getty Images
تصویر Getty Images 

عالمی سطح پر کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے ہندوستان میں احتیاطی اقدامات اختیار کیے جانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اب کچھ کورونا متاثرہ ممالک سے ہندوستان پہنچنے والے مسافروں کا آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ لازمی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ہفتہ کے روز مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے کہا کہ چین، جاپان، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا سے ہندوستان آنے والے لوگوں کو آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ انھوں نے ساتھ ہی جانکاری دی کہ جلد ہی اس سلسلے میں تفصیلی احکامات جاری کیے جائیں گے۔

Published: undefined

اس درمیان وزارت برائے شہری ہوابازی نے بھی ایک حکم جاری کیا ہے۔ اس میں چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ سے ہندوستان کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 'ایئر سُویدھا' فارم بھرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ افسران کے ذریعہ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ دہلی، ممبئی، حیدر آباد، بنگلورو، چنئی، احمد آباد، پونے، اندور اور گوا سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر آج صبح مسافروں کی آر ٹی-پی سی آر کووڈ جانچ شروع ہو گئی ہے۔

Published: undefined

ہندوستان میں کورونا سے حالات بے قابو نہ ہوں، اس کے لیے مرکزی اور ریاستی دونوں سطح پر سرگرمیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ لگاتار میٹنگیں بھی کی جا رہی ہیں اور ریاستوں کو خط لکھ کر کچھ اہم مشورے بھی دیئے جا رہے ہیں۔ ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کو وزارت صحت کی طرف سے لکھے گئے ایک تازہ خط میں میڈیکل آکسیجن کی مستقل سپلائی یقینی بنانے کو کہا ہے۔

Published: undefined

میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکز کے ذریعہ لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا انفیکشن کی رفتار بے حد دھیمی اور قابو میں ہے۔ اس کے باوجود ہمیں آنے والے چیلنجز کے لیے پہلے سے ہی تیار رہنا چاہیے۔ مرکز نے کہا ہے کہ ریاستی حکومتیں سبھی اسپتالوں میں مستقل میڈیکل آکسیجن کی سپلائی یقینی بنائیں۔ وزارت صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ آکسیجن پلانٹس کو پوری طرح سے سرگرم رکھا جائے اور ان کی جانچ کے لیے مستقل 'ماک ڈرل' بھی کیا جائے۔

Published: undefined

مرکزی حکومت کی طرف سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ریاستی سطح پر آکسیجن کنٹرول روم کو ایک بار پھر سرگرم کیا جائے اور آکسیجن سے متعلق ایشوز و چیلنجز کو فوری حل کیا جائے۔ اس کے علاوہ روزانہ آکسیجن کی طلب اور خرچ کی بھی نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اسپتالوں میں لائف سپورٹ سسٹم، مثلاً ونٹلیٹرس وغیرہ کا انتظام درست کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آکسیجن سلنڈر اور ان کی ریفیلنگ کے لیے بیک اَپ اسٹوریج کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined