وَن رینک، وَن پنشن سے متعلق مرکز کا فیصلہ بھارت جوڑو یاترا کا اثر، راہل گاندھی نے اٹھائی تھی آواز: جئے رام رمیش

کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ملک میں کورونا کو لے کر کوئی میٹنگ یا کوئی نیا ضابطہ بنانے سے پہلے ہی راہل گاندھی کی یاترا ملتوی کرنے کی نصیحت دینا بی جے پی کے خوف کو ظاہر کرتا ہے۔

بھارت جوڑو یاترا، تصویر قومی آواز
بھارت جوڑو یاترا، تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں 'بھارت جوڑو یاترا' دہلی میں پہنچ چکی ہے اور متھرا روڈ سے آشرم چوک ہوتے ہوئے درگاہ نظام الدین تک پہنچ چکی ہے۔ درگاہ نظام الدین کے قریب سبھی دکانیں اس یاترا کی آمد کے پیش نظر بند ہیں اور اس یاترا کا یہاں لوگوں کے ذریعہ زوردار استقبال کیا گیا ہے۔ یہاں سے بھارت جوڑو یاترا ذاکر حسین مارگ، انڈیا گیٹ، تلک مارگ اور آئی ٹی او ہوتے ہوئے لال قلعہ تک پہنچے گی۔ پھر یہ یاترا راج گھاٹ پہنچے گی جہاں راہل گاندھی مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

دہلی میں چل رہی بھارت جوڑو یاترا میں کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈران شامل ہوئے ہیں۔ اس درمیان کانگریس لیڈران کے ذریعہ پریس کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش کا اس درمیان ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے مرکزی حکومت کے ذریعہ 'وَن رینک، وَن پنشن' کا دائرہ بڑھائے جانے کو 'بھارت جوڑو یاترا' کا اثر قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے ذریعہ بھارت جوڑو یاترا میں وَن رینک وَن پنشن کا ایشو اٹھایا گیا تھا اور گزشتہ دنوں مرکز نے اس کا دائرہ بڑھانے کا اعلان کر دیا۔


جئے رام رمیش نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش میں اپنی یاترا کے دوران میوات میں سابق فوجیوں کے ساتھ 'وَن رینک، وَن پنشن' کو لے کر میٹنگ کی تھی۔ اس میٹنگ میں سابق فوجیوں نے کہا تھا کہ انھیں اعلان کے مطابق پنشن نہیں دی جا رہی ہے۔ سابق فوجیوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ جونیئر کمیشنڈ آفیسرز کو اس کا فائدہ نہیں مل رہا ہے۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ راہل گاندھی کے ذریعہ اس ایشو کو اٹھائے جانے کے دو دن بعد ہی مرکزی حکومت نے اس پنشن اسکیم کا ریویژن کیا۔

اس درمیان کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے 'بھارت جوڑو یاترا' کو روکنے کے لیے بی جے پی کے ذریعہ کی جا رہی کوششوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی 'بھارت جوڑو یاترا' سے بی جے پی اور آر ایس ایس خوفزدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ "مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا کا راہل گاندھی کو لکھا گیا خط اس کی مثال ہے۔ ملک میں کورونا کو لے کر کوئی میٹنگ یا کوئی نیا ضابطہ بنانے سے پہلے ہی راہل گاندھی کی یاترا ملتوی کرنے کی نصیحت دینا بی جے پی کے خوف کو ظاہر کرتا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔