
بہار اسمبلی انتخابات سے عین قبل مکامہ حلقے میں پیش آئے ایک قتل کے معاملے نے جے ڈی یو امیدوار اور سابق ایم ایل اے اننت سنگھ کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف دلار چند یادو قتل کیس میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام مکامہ کے ٹال علاقے میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے دوران دلار چند یادو کی موت ہوگئی تھی۔
Published: undefined
پولیس کے مطابق، مقتول کے پوتے کے بیان کی بنیاد پر دیر رات ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں اننت سنگھ کے علاوہ ان کے دو بھتیجوں رنویر سنگھ اور کرمویر سنگھ سمیت پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا ہے کہ اننت سنگھ کے حامیوں نے پہلے فائرنگ کی، اور پھر گاڑی چڑھا کر دلار چند یادو کو قتل کر دیا۔
واقعے کے فوراً بعد علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ مکامہ ٹال اور آس پاس کے دیہات میں کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے گشت بڑھا دیا ہے اور کئی حساس مقامات پر کیمپ لگا دیے ہیں۔
Published: undefined
پٹنہ کے ایس ایس پی کارتکئے شرما نے بتایا کہ فائرنگ کی یہ واردات مکامہ کے تارتار گاؤں کے قریب ہوئی۔ پولیس جب موقع پر پہنچی تو وہاں دو تین گاڑیاں ٹوٹی ہوئی حالت میں ملی، جن میں سے ایک گاڑی میں دلار چند یادو کی لاش پائی گئی۔ ایس ایس پی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مقتول کے خلاف پہلے سے قتل اور آرمز ایکٹ کے تحت کئی مقدمات درج تھے۔
دوسری جانب جے ڈی یو امیدوار اننت سنگھ نے اپنے اوپر لگے الزامات کو سراسر بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ انتخابی تشہیر سے واپس آ رہے تھے اور ان کی گاڑیاں کافی آگے نکل چکی تھیں۔ اننت سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ان کے قافلے کے پیچھے چلنے والی گاڑیوں پر جن سوراج پارٹی کے حامیوں نے حملہ کیا۔
Published: undefined
اننت سنگھ نے کہا، "میری شبیہ خراب کرنے کے لیے سیاسی سازش کے تحت جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ میں واقعہ کے وقت وہاں موجود نہیں تھا۔"
دلار چند یادو کی موت کے بعد مکامہ اور ٹال علاقے میں تناؤ پھیل گیا ہے۔ پولیس نے کئی دیہات میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق، دلار چند یادو ٹال علاقے کے ایک اثر و رسوخ والے شخص تھے، جن کی موت سے لوگوں میں خوف اور بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور قصورواروں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ ادھر الیکشن کمیشن نے بھی واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے تاکہ انتخابی ماحول میں بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined