کرکٹ

ٹی-20 ورلڈ کپ 2022: جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست

گروپ-2 کے میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 133 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ نے یہ ہدف دو گیندیں باقی رہتے ہی حاصل کر لیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

پرتھ: جنوبی افریقہ نے ٹی-20 ورلڈ کپ 2022 کے سپر-12 میچ میں لونگی نگیڈی (29/4) کی شاندار گیند بازی کے بعد ایڈن مارکرم (52) اور ڈیوڈ ملر (59) کی نصف سنچریوں کی بدولت اتوار کے روز ہندوستان کو پانچ وکٹ سے شکست دی،  گروپ-2 کے میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 133 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ نے یہ ہدف دو گیندیں باقی رہتے ہی حاصل کر لیا۔ پرتھ کی اچھال بھری پچ پر سوریہ کمار یادو کو چھوڑ کر تمام ہندوستانی بلے باز ناکام رہے۔ سوریہ کمار نے 40 گیندوں میں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر ہندوستان کو 133 رنز کے باعزت اسکور تک پہنچایا۔

Published: undefined

134 رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے بھی 10 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 40 رنز بنا ئے تھے لیکن پھر ملر اور مارکرم نے شاندار بلے بازی سے میچ کا رخ موڑ دیا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 76 رنز کی شراکت داری کرکے میچ پروٹیاز کے پالے میں ڈال دیا۔ مارکرم 16ویں اوور میں آؤٹ ہوگئے لیکن ملر نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو منزل مقصود تک پہنچا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ گروپ 2 میں ٹاپ پر پہنچ گیا ہے جب کہ ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان کی جیت پر آس لگائے پاکستانی ٹیم اب سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

Published: undefined

ہندوستان نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے پچ کے باؤنس کا بہترین فائدہ اٹھایا۔ لونگی نگیڈی (29/4) نے روہت شرما، لوکیش راہل اور ویراٹ کوہلی کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ابتدائی جھٹکا دیا۔ اینریک نورکھیا نے دیپک ہڈا کو صفر پر آؤٹ کیا جبکہ نگیڈی نے ہاردک پانڈیا کو بھی پویلین بھیجا۔

Published: undefined

ہندوستان کے 49 رنز پر پانچ وکٹ گرنے کے بعد سوریہ کمار نے اننگز کو سنبھالا۔ انہوں نے دنیش کارتک کے ساتھ 52 رنز کی اہم شراکت داری کی، جس میں کارتک نے صرف چھ رنز کی شراکت کی۔ سوریہ کمار نے اپنی جرآت مندانہ اننگز میں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے جبکہ کوئی دوسرا ہندوستانی بلے باز 20 رنز کا ہندسہ بھی نہ چھو سکا۔ سوریہ کمار اننگز کے 19ویں اوور میں آؤٹ ہوئے جبکہ بھونیشور کمار (04/ ناٹ آؤٹ) اور ارشدیپ سنگھ (02/ ناٹ آؤٹ) نے ہندوستان کو 20 اوورز میں 133/9 تک پہنچایا۔ جنوبی افریقہ کے لیے نگیڈی نے چار اوورز میں 29 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ وین پارنیل نے چار اوورز میں 15 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ نورکھیا (4 اوورز، 23 رنز) کو ایک وکٹ ملی۔

Published: undefined

ہندوستان نے 133 رنز کا دفاع کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو شروع میں کچھ پریشان کیا۔ اپنے پہلے ہی اوور میں ارشدیپ سنگھ نے کوئنٹن ڈی کاک اور پچھلے میچ کی سنچری ریلی روسو کو پویلین بھیج دیا۔ کپتان ٹیمبا باوما (10) ایک بار پھر وکٹ پر برقرار رہے لیکن ناکام رہے۔ ہندوستان نے سخت گیند بازی کی بنیاد پر جنوبی افریقہ کو پہلے 10 اوورز میں 40/3 کے اسکور تک محدود کر دیا تھا۔

Published: undefined

جب جنوبی افریقہ کو 60 گیندوں پر 94 رنز درکار تھے، ملر- مارکرم کی جوڑی نے ہاتھ کھولنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں بلے بازوں نے اگلے چار اوورز میں 45 رنز جوڑے۔ مارکرم نے 15ویں اوور میں اپنی ففٹی مکمل کی، حالانکہ اگلے ہی اوور میں وہ آؤٹ ہو گئے۔ مارکرم نے آؤٹ ہونے سے قبل 41 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ ملر نے 46 گیندوں میں 59 رنز کی اپنی میچ وننگ اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے لگائے۔ ہندوستان اپنے اگلے میچ میں بدھ کے روز بنگلہ دیش سے ٹکرائے گا جبکہ جنوبی افریقہ جمعرات کے روز پاکستان سے ٹکرائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined