کرکٹ

ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو آٹھویں بار اننگ کے فرق سے دی شکست، آل راؤنڈ کارکردگی کے لیے جڈیجہ پلیئر آف دی میچ قرار

ویسٹ انڈیز کے بلے باز دوسری اننگ میں محض 4 گھنٹے ہی بلے بازی کر پائے۔ پوری ٹیم 146 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی اور دونوں اننگ میں اس کے ایک بھی بلے باز نصف سنچری تک نہیں بنا سکے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

تصویر @BCCI

 

ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج تیسرے ہی دن ہندوستان نے اپنے نام کر لیا۔ احمد آباد میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ہندوستانی ٹیم نے ایک اننگ اور 140 رنوں کے بڑے فرق سے ہرایا۔ ہندوستان نے تیسرے دن کا کھیل شروع ہونے سے پہلے ہی اپنی پہلی اننگ 5 وکٹ پر 448 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی جس سے اسے 286 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہفتہ کے روز 2 سیشن بھی بلے بازی نہ کر سکی اور اس کی دوسری اننگ 146 رنز پر ختم ہو گئی۔ اس طرح ہندوستان نے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

Published: undefined

ہندوستان کے لیے رویندر جڈیجہ اور محمد سراج نے شاندار گیند بازی کی اور چائے کے وقفہ سے پہلے ہی ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگ سمیٹ دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں یہ 17ویں بار ہے جب کسی ٹیم نے اننگ کے فرق سے جیت حاصل کی ہے۔ بیسویں صدی میں ویسٹ انڈیز نے 9 بار ہندوستان کو اننگ کے فرق سے ہرایا تھا، جبکہ اکیسویں صدی میں ہندوستان نے اب تک کھیلے گئے تمام 8 میچ اننگ کے فرق سے جیتے ہیں۔ یعنی ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو لگاتار آٹھویں بار اننگ کے فرق سے شکست دی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی بلے بازی دونوں اننگز میں نہایت مایوس کن رہی۔ ویسٹ انڈیز کی گزشتہ 15 ٹیسٹ اننگ پر نظر ڈالیں تو ویسٹ انڈیز صرف 2 بار ہی 200 رنز کا ہندسہ پار کر سکا ہے، اور اس دوران اس کا سب سے بڑا اسکور 253 رنز رہا ہے۔

Published: undefined

حالیہ برسوں میں ویسٹ انڈیز کا ہندوستانی سرزمین پر ٹیسٹ میچوں کا ریکارڈ انتہائی خراب رہا ہے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہندوستان میں کھیلے گئے پچھلے 5 ٹیسٹ میچوں میں سے 4 میں ویسٹ انڈیز کو اننگز کی شکست ہوئی ہے، جبکہ ایک میچ میں ہندوستان نے اسے 10 وکٹ سے ہرایا تھا۔ ہندوستان نے 2013 میں کولکاتا میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو ایک اننگ اور 51 رنز سے شکست دی تھی۔ اسی سال ممبئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں ہندوستان نے ایک اننگ اور 126 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 2018 میں راجکوٹ میں ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو ایک اننگ اور 272 رنز سے ہرایا، جبکہ اسی سال حیدرآباد میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں ہندوستان نے 10 وکٹ سے جیت درج کی تھی۔ اب احمدآباد میں بھی ویسٹ انڈیز کو اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ تمام 5 میچ تین دن کے اندر ختم ہوئے۔

Published: undefined

بہرحال، آج ختم ہوئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ دونوں اننگز میں ناکام رہی اور تینوں دن ہندوستانی کھلاڑیوں کا ہی دبدبہ قائم رہا۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگ میں ایلک اتھانزے نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ جسٹن گریوس نے 25، جیڈن سیلز نے 22، جوہان لین نے 14، جان کیمبل نے 14، تیگنرائن چندرپال نے 8، برینڈن کنگ نے 5، راسٹن چیز نے 1 اور شائی ہوپ نے بھی 1 رن بنایا۔ کھیری پیئر 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی بلے بازی دوسری اننگ میں اتنی کمزور ثابت ہوئی کہ ٹیم ہندوستانی گیندبازوں کا مقابلہ صرف 4 گھنٹے ہی کر سکی۔ غور کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ دونوں اننگ میں ویسٹ انڈیز کے کسی بھی بلے باز نے نصف سنچری تک نہیں لگائی۔ پہلی اننگ میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے سب سے زیادہ 32 رنز جسٹن گریوس نے بنائے تھے۔

Published: undefined

ہندوستان کے لیے تجربہ کار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے بلے بازی کے بعد گیند بازی سے بھی کمال دکھایا۔ جڈیجہ نے پہلی اننگ میں ناقابلِ شکست سنچری بنائی تھی اور دوسری اننگ میں 4 وکٹ حاصل کیے۔ جڈیجہ کا بھرپور ساتھ محمد سراج نے دیا جنہوں نے 3 وکٹ اپنے نام کیے۔ کلدیپ یادو نے 2 اور واشنگٹن سندر کو 1 وکٹ ملے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اس ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 10 اکتوبر سے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined