ویڈیو: وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم یہ رمضان ذرا مختلف طریقے سے گزاریں... سید سعادت اللہ حسینی

جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ہمیں اس مرتبہ رمضان کے دوران گھروں میں عبادت کرنے کی ضرورت کیوں ہے

user

قومی آوازبیورو

"اللہ تعالیٰ آپ سب کو رمضان مبارک کرے اور ہم سب کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس دفعہ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں کا ظہور ایک بالکل مختلف ماحول میں ہو رہا ہے۔ مسلمانوں کے دل غمگین ہیں کہ رمضان کی آمد ہو چکی، لیکن مسجدیں بند ہیں۔ باجماعت تراویح کے روح پرور منظر سے ہماری آنکھیں اس دفعہ ٹھنڈک حاصل نہیں کر سکیں گی۔ عبادت کے ذوق و شوق سے سرشار اللہ کے بندوں سے آباد مساجد، صبح و شام وہاں سے بلند ہوتی نماز اور تلاوت کی آوازیں، سحر و افطار کی ہمہ ہمی، بڑھ چڑھ کر روزہ داروں کو افطار کرانے کی دوڑ، بازاروں کی خاص رونق، اور چھوٹے کاروباریوں کے لیے بے پناہ برکت... یہ سب رمضان المبارک کے نہایت دلربا مناظر ہیں اور اسلام کی پاکیزہ تہذیب کے دلکش مظاہر ہیں۔ ہم سب کی آنکھیں برسوں سے ان خوبصورت مناظر کی آشنا رہی ہیں، لیکن اس سال ان مناظر کے لطف و سرور سے ہم محروم رہیں گے، بلکہ شاید تلاش لیلۃ القدر اور اعتکاف کی رونقیں بھی ویسی نہیں رہیں گی جیسا کہ ہمیشہ ہوا کرتی ہیں۔ اس پر غم کا ہونا، افسوس کا ہونا اور محرومی کا احساس ہونا بالکل فطری بات ہے۔

ہم سب غمگین ہیں تو یہ فطری کیفیت ہے۔ لیکن عزیزانِ گرامی، اللہ تعالیٰ کی سنت یہ ہے کہ وہ اہل ایمان کو آزماتا ہے، وہ بظاہر مشکلات بھی پیدا کرتا ہے تو اس میں کچھ نہ کچھ خیر کا سامان ہوتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا (ترجمہ) اللہ تعالیٰ جب کسی کے ساتھ بھلائی کرنا چاہتا ہے تو اس کو مشکلات سے گزارتا ہے۔


ایک بندہ مومن کا ان مشکلات میں طریقہ یہ ہونا چاہیے کہ وہ اللہ کی مرضی پر راضی اور خوش رہے اور مشکلات میں بھی خیر کا پہلو تلاش کرے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے ہر طرح کے حالات میں اپنی بندگی کا حکم دیا ہے۔ جن حالات میں، جس طرح کی بندگی کا تقاضہ ہو، شریعت کی جو تعلیم ہو، اس طرح بندگی ادا کرنا ایک بندہ مومن کا شیوہ ہوتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو حکم دیا ہے کہ ہر حالت میں، جس طرح ممکن ہو نماز پڑھیں کہ بدامنی کی حالت ہو تو خواہ پیدل ہو، خواہ سوار ہو، جس طرح ممکن ہو نماز پڑھو۔ اور جب امن میسر آ جائے تو اللہ کو اس طریقے سے یاد کرو جو اس نے تمھیں سکھا دیا ہے۔ تو یہ اسلام کی خوبصورتی ہے کہ اس میں لچک پائی جاتی ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے بندوں کو مشکل میں ڈالنا نہیں چاہتا۔ اسلام انسانی جان کے تحفظ کو اولیت دیتا ہے۔ جان کے تحفظ کے لیے احکام میں ترمیم و تخفیف بھی کرتا ہے۔ اس وقت جو حالات ہم کو درپیش ہے، اس میں اللہ کے دین کی تعلیم یہی ہے کہ ہم یہ رمضان ذرا مختلف طریقے سے گزاریں۔ نمازیں گھروں میں ادا کریں۔ لیکن عزیزانِ گرامی، اس ذریعہ سے بھی ہم اللہ کے حکم ہی کی تعمیل کر رہے ہیں۔ ان حالات میں شریعت کی جو تعلیمات ہیں، اس پر عمل کر رہے ہیں۔ اس میں بھی ہمارے لیے بہتری اور تزکیہ کا سامان موجود ہے۔ اس وقت جگہ جگہ یہ بحث چل رہی ہے کہ یہ آفت جو اس وقت ساری انسانیت پر آئی ہوئی ہے، یہ عذاب ہے، تنبیہ ہے یا آزمائش و امتحان ہے؟


حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کی ایک بہت اہم بات معارف القرآن میں نقل کی گئی ہے کہ شاہ ولی اللہ دہلوی نے کہا ہے کہ مصیبت بیک وقت گنہگاروں کے لیے عذاب اور اچھے انسانوں کے لیے آزمائش اور امتحان ہو سکتی ہے۔ کوئی مصیبت ہمارے لیے آزمائش ہے یا سزا ہے، اس کا ٹیسٹ بھی شاہ صاحب نے بتایا ہے۔ اب یہ جو آفت یا مصیبت آئی ہوئی ہے، یہ ہمارے لیے آزمائش ہے یا اللہ تعالیٰ کی طرف سے سزا ہے، ٹیسٹ شاہ صاحب یہ بتاتے ہیں کہ جن نیک لوگوں پر آزمائش کی خاطر امتحان کی خاطر مصیبتیں آتی ہیں، اللہ تعالیٰ ان کے قلوب کو مطمئن کر دیتا ہے۔ اور وہ مصائب پر اور آفت پر اسی طرح راضی ہوتے ہیں جیسے بیمار کڑوی دوا یا آپریشن پر بغیر تکلیف محسوس کرنے کے راضی رہتا ہے۔ اور جن گنہگاروں پر عذاب نازل ہوتا ہے وہ بے چین ہو اٹھتے ہیں۔ ان کی پریشانی کی حد نہیں رہتی۔ بعض اوقات ناشکری بلکہ کلمات کفر تک پہنچ جاتے ہیں۔"

درج بالا تقریر جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی کے ایک طویل ویڈیو کا شروعاتی حصہ ہے۔ یہ ویڈیو دراصل کورونا وائرس انفیکشن کے ماحول میں لاک ڈاؤن کےد رمیان رمضان المبارک کی عبادات کے مدنظر تیار کیا گیا ہے۔ 'موجودہ حالات، رمضان اور ہم' کے عنوان سے تیار کردہ اس ویڈیو میں سید سعادت اللہ حسینی نے کئی اہم باتوں کو لوگوں کے سامنے رکھا ہے اور یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ کیوں ہمیں اس مرتبہ گھروں میں عبادت کرنے کی ضرورت ہے اور کیوں ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کورونا وائرس کی آفت ہمارے لیے عذاب، امتحان یا پھر آزمائش ہو سکتی ہے۔ اس ویڈیو میں کئی اہم اور عوام کے لیے معلومات سے بھرپور باتیں کہی گئی ہیں جس کا پورا متن دینا یہاں ممکن نہیں۔ 'قومی آواز' کے قارئین کے لیے پیش خدمت ہے یہ ویڈیو۔ آپ دیکھیں اور مستفید ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Apr 2020, 8:11 PM