ہندوستان کا ٹوکیو میں پہلا میڈل، ویٹ لفٹر میرابائی نے جیتا چاندی کا تمغہ

چانوکو یہ کامیابی کرنم ملّیشوری کے 2000 کے سڈنی اولمپکس میں 69 کلوگرام کیٹیگری میں کانسے کا تمغہ جیتنے کے 20 سال بعد حاصل ہوئی ہے۔ ملیشوری اولمپک تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بنی تھیں۔

میرابائی چانو
میرابائی چانو
user

یو این آئی

ٹوکیو: سابق عالمی چیمپئن ویٹ لفٹر میرابائی چانو نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کے 49 کلوگرام کیٹگری میں ہفتہ کو چاندی کا تمغہ جیت کر ہندوستان کو ٹوکیو اولمپک کا پہلا تمغہ دلا دیا۔ ہندوستان نے ان کھیلوں کی تاریخ میں پہلی بار پہلے دن کوئی میڈل جیتا۔ 26 سالہ میرابائی نے کل 202 کلوگرام (87+115) وزن اٹھایا اور اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون ویٹ لفٹربن گئیں۔

چانوکو یہ کامیابی کرنم ملّیشوری کے 2000 کے سڈنی اولمپکس میں 69 کلوگرام کیٹیگری میں کانسے کا تمغہ جیتنے کے 20 سال بعد حاصل ہوئی ہے۔ ملیشوری اولمپک تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بنی تھیں۔ اس کامیابی کے ساتھ چانو نے 2016 کے پچھلے ریو اولمپکس کی بری یادوں کو پیچھے چھوڑ دیا، جب وہ کلین اینڈ جرک میں اپنی تینوں کوششوں میں ناکام رہی تھیں۔ اس ایونٹ کا سونے کا تمغہ چین کی ہوؤ ژیہوئی نے کل 210 کلوگرام (94 + 116) وزن اٹھا کر جیتا، جبکہ انڈونیشیا کی ایساہ ونڈی کانتکا نے 194 کلوگرام (84 + 110) وزن اٹھا کر جیتا۔


ٹوکیو انٹرنیشنل فورم میں ہوئے ان مقابلوں میں چانو نے اسنیچ میں اپنی پہلی کوشش میں 84 کلوگرام وزن اٹھایا۔ بعد میں چانو نے 87 کلوگرام وزن اٹھا کر خود کو منافع بخش پوزیشن میں پہنچا دیا۔ لیکن ژیہوئی نے اپنی پہلی کوشش میں 88 کلوگرام وزن اٹھا کر اور پھر اپنی تیسری کوشش میں 94 کلوگرام وزن اٹھا کر اولمپک کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

کلین اینڈ جرک راؤنڈ میں چانو نے 110 کلوگرام وزن اٹھایا اوردوسری کوشش میں 115 کلو گرام وزن اٹھاکر اس میں بہتری کردی۔ چانو نے اپنی تسیری کوشش میں 117 کلوگرام وزن اٹھانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہیں۔ لیکن ان کی 115 کلوگرام کی کوشش انہیں چاندی کا تمغہ دلانے کے لئے کافی تھی۔ چانو کے ذریعہ چاندی کا تمغہ جیتتے ہی ہندوستانی خیمہ خوشی سے اچھل پڑا۔ واقعی یہ ایک تاریخی حصولیابی تھی جس کا پورے ملک کو برسوں سے انتظار تھا۔ چانو کی یہ کامیابی آئندی دنوں میں ہندوستان کے مزید کھلاڑیوں کو تمغہ جیتنے کی لئے تحریک دے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔