ٹوکیو اولمپک میں میرا بائی چانو کی کارکردگی نے کوچ وجے شرما کا خواب کیا شرمندۂ تعبیر

میرا بائی چانو کے بارے میں کوچ وجے شرما کا کہنا ہے کہ ’’وہ بالکل مختلف ایتھلیٹ ہیں، وہ انتہائی پرعزم اور نظم و ضبط کی سخت پابند ہیں۔‘‘

میرابائی چانو
میرابائی چانو
user

یو این آئی

جموں: جاپان کے شہر ٹوکیو میں کھیلی جار ہی اولمپک کھیلوں میں ویٹ لفٹنگ میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والی میرابائی چانو کے کوچ وجے شرما کا کہنا ہے کہ چانو نے ویٹ لفٹنگ میں چاندی کا تمغہ جیت کر میرے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’چانو کو یہ تمغہ حاصل کرنے میں بارہ برس لگ گئے تاہم اس سے میرا دیرینہ خواب پورا ہوا ہے۔‘‘

کوچ وجے شرما نے میرابائی چانو کی طرف سے انڈیا کے لئے چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کے ردعمل میں یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرابائی چانو میرے پاس سال 2013 میں ویٹ لفٹنگ کے ایک قومی کیمپ کے دوران آئی۔ ان کی آنکھوں میں اس گیم کے لئے شوق و جذبے کو دیکھ کر مجھے لگا کہ وہ اس میدان میں ایک دن ضرور اپنا مقام حاصل کرے گی جو اس نے آج کر کے دکھایا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم روزانہ تین شفٹوں میں چھ سے سات گھنٹوں تک مشق کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’سخت محنت اور شوق میرابائی چانو کو تھکنے نہیں دیتا تھا اور چودہ سال کی عمر سے ہی اس نے اپنے خوابوں کی دنیا کو پورا کرنے کی ٹھان لی اور آخرکار سال 2021 میں بارہ برس بعد اس نے اپنے خوابوں کو پورا کر کے دکھایا۔‘‘


وجے شرما، جنہوں نے شمالی ریلویز میں اپنی خدمات انجام دی ہیں، کا ماننا ہے کہ بھارت میں نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ان صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے سہولیات درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جس دن ہم اپنے کھلاڑیوں کو تمام تر ضروری سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہوں گے اس دن اولمپکس میں ہمارے تمغے حاصل کرنے کا گراف بدل جائے گا۔‘‘ میرا بائی چانو کے بارے میں وجے شرما کا مزید کہنا تھا کہ ’’میرابائی بالکل مختلف ایتھلیٹ ہیں، وہ انتہائی پرعزم اور نظم و ضبط کی سخت پابند ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔