یو پی: ناراض عوام نے بی جے پی رکن اسمبلی کو گندے پانی میں چلنے کو کیا مجبور، ویڈیو وائرل

کانگریس لیڈر سچن چودھری کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے گاؤں میں کس طرح کے ترقیاتی کام کیے ہیں، یہ سبھی جانتے ہیں، ویڈیو میں صاف نظر آ رہا ہے کہ گاؤں والے رکن اسمبلی کو ’وِکاس‘ دکھاتے نظر آ رہے ہیں۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

تنویر

اتر پردیش میں بی جے پی رکن اسمبلی کمل سنگھ ملک کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ضلع ہاپوڑ واقع گڑھ مکتیشور میں اپنے کیے گئے ترقیاتی کاموں کو شمار کرانے لوگوں کے درمیان پہنچے۔ دیہی عوام نے بی جے پی رکن اسمبلی کو دیکھتے ہی ان کی ناکامیوں کو ظاہر کرنا شروع کر دیا اور ایک شخص نے تو کمل سنگھ ملک کا ہاتھ پکڑ کر انھیں سڑک پر جمے سیور کے گندے پانی میں ننگے پیر چلوایا۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ گاؤں میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے اور نہ ہی یہاں سڑک کی تعمیر ہوئی ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ جگہ جگہ آبی جماؤ کا نظارہ اکثر دیکھنے کو ملتا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بہادر گڑھ علاقہ میں ’پد یاترا‘ کے دوران بدھ کو مقامی رکن اسمبلی کمل سنگھ ملک گاؤں ڈھول پور، نانئی سمیت دیگر گاؤں پہنچے تھے۔ گاؤں ڈھول پور میں عوامی جلسہ کو خطاب کرنے کے بعد رکن اسمبلی گاؤں میں پیدل گھوم کر دیہی عوام سے بات چیت کر رہے تھے۔ اسی دوران نومنتخب پردھان نیشا کے شوہر رویندر اور دیگر دیہی عوام جمع ہو گئے۔ لوگوں نے رکن اسمبلی سے کہا کہ اپنی مدت کار میں وہ ایک بار بھی گاؤں میں نہیں آئے اور نہ ہی کوئی ترقیاتی کام کیا۔ لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ گاؤں میں آبی جماؤ اور صفائی کا انتظام درست نہیں ہے۔ گرام پردھان نے سڑک ضرور بنوائی لیکن پانی نکلنے کا صحیح انتظام نہیں کیا گیا جس کے سبب آبی جماؤ بنا رہا ہے اور لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی اثناء میں سڑک پر جمع سیور کے گندے پانی میں بی جے پی رکن اسمبلی کو لوگوں نے پیدل چلوایا تاکہ انھیں لوگوں کی تکلیف کا اندازہ ہو۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور کمل سنگھ ملک کا مذاق بھی بن رہا ہے۔


وائرل ویڈیو کے تعلق سے بی جے پی رکن اسمبلی کمل سنگھ کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں اپنے اسمبلی حلقہ میں سبھی گاؤں میں جا کر مندروں کے دَرشن کر رہا ہوں اور اپنے جو انتظامی کام ہیں، ان کو دیکھتا ہوں۔ گاؤں کے پردھان جی نے کہا کہ صاف راستے سے چلتے ہیں، لیکن میں نے کہا کہ اسی راستے سے جائیں گے اور دیکھیں گے کہ کیا مسئلہ ہے اور پانی بھرنے کی وجہ کیا ہے۔ انتظامیہ کو معاملے سے مطلع کرانے کے لیے میں نے خود ہی اپنا ویڈیو بھی بنوایا۔ مخالفین نے اسے منفی طریقے سے پیش کیا ہے۔‘‘

دوسری طرف کانگریس لیڈر سچن چودھری کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ بی جے پی اور کمل ملک نے گاؤں میں کس طرح کے ترقیاتی کام کیے ہیں، یہ ہر کسی کو نظر آ رہا ہے۔ ویڈیو میں صاف دکھائی پڑ رہا ہے کہ گاؤں والے رکن اسمبلی کو ’وِکاس‘ دکھاتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ لوگوں کا غصہ ہے اور بی جے پی کے لیڈروں کو عوام سے بچ کر رہنا چاہیے۔ سچن چودھری نے مزید کہا کہ بی جے پی لیڈران اور اراکین اسمبلی گاؤں میں نہ جائیں کیونکہ عوام ان سے بہت ناراض ہے اور اس سے پرتشدد واقعہ بھی سامنے آ سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔